خیبر پختون خوا حکومت کے مشیرِ اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ ہماری تیاری ہے، ہم اسٹریٹ موومنٹ کی طرف جا رہے ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران شفیع جان نے کہا کہ مذاکرات کے بنیادی نکات نئے الیکشن یا ہمارے مینڈیٹ کی واپسی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک چلانے کی ذمے داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے، جو اس حکومت کے خلاف تحریک چلانا چاہتا ہے، اس کے ساتھ جانے کو تیار ہیں۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا میں جلسے کر رہے ہیں اور تعداد بھی سب کے سامنے ہے، لوگ بڑی تعداد میں وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کو سننے آتے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ جب تحریک کے لیے کال کی جائے گی تو لوگ آئیں گے، ہماری تیاری ہے اور ہم اسٹریٹ موومنٹ کی طرف جا رہے ہیں۔
شفیع جان نے کہا کہ محمود اچکزئی جب کال دیں گے تو یہ تحریک بڑی شکل اختیار کر لے گی، ہمیں لگ رہا ہے کہ مزاحمت ہی آخری راستہ بچا ہے، ہم اس بار جو تحریک چلائیں گے وہ نیکسٹ لیول کی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو کانفرنس کی دعوت دی گئی تھی، لیڈر شپ اور کارکنوں کی گرفتاری اور جھوٹے مقدمات پر بات کرنی ہے تو ہم تیار ہیں۔