• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

یومِ شہادت حضرت علیؓ پر ملک کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

کراچی کا مرکزی جلوس 

کراچی میں یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہو گا۔

ترجمان پولیس نے بتایا ہے کہ یومِ علیؓ کے جلوس کی سخت سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جلوس کے راستے پر آنے والی سڑکیں اور گلیاں بند کر دی گئی ہیں، صدر کی مختلف سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس نے مزید بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کر دیے گئے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس ٹیمیں الرٹ ہیں اور اہم اسپتالوں میں بھی پولیس نفری تعینات ہے۔

ترجمان پولیس نے شہریوں سے مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری مددگار 15 پر دینے کی درخواست بھی کی  ہے۔

ملتان کا مرکزی جلوس

ملتان میں یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس چاہ بوہڑ والا سے برآمد ہو کر مختلف علاقوں سےہوتا ہوا امام بارگاہ لال کرتی پر اختتام پزیر ہو گا۔

شہر بھر میں یومِ علیؓ پر آج 12 ماتمی جلوس اور 15 مجالس منعقد کی جائیں گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں اور جلوس کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

علاوہ ازیں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی یومِ علیؓ پر 8 جلوس اور 13 مجالس منعقد کی جائیں گی۔

ڈی پی او نے بتایا ہے کہ اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جلوس و مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 670 پولیس اہلکار اور 160 رضاکار تعینات کیے گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید