مرتّب: طلعت عمران
حسبِ روایت، سالِ نو کے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کا گویا ایک انبار سا لگ گیا۔
تو لیجیے، آپ کی خواہشوں، اُمیدوں، خوشیوں اور نیک تمنّاؤں کی یہ صندوقچی کھول کر آپ ہی کے سامنے رکھے دے رہے ہیں۔ ملاحظہ فرمائیے، اپنے پیغام، اپنے پیاروں کے نام کا پہلا حصّہ۔
(مریم یلدرم کے لیے)
مریم! تمہیں نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہےکہ 2026ء تمہارے لیے ڈھیروں خوشیاں لائے۔ مَیں ہمیشہ تمہارے ساتھ کھڑی ہوں۔ ہر مشکل، ہر مصیبت میں تم مُجھے اپنے ساتھ ساتھ پاؤ گی۔ چلو، ایک مرتبہ پھر برف بَھرے جنگل کے وُڈ کاٹیج میں آگ جلا کر بیتے وقتوں کی یاد تازہ کریں۔ (فاطمہ یلدرم کا خلوص و محبّت بھرا پیغام)
(ہونہار شاگرد، ارسلان بھٹّی کے نام)
آج کل کے نوجوانوں کے لیے رول ماڈل، اپنے نہایت ہونہار اور تابع فرماں شاگرد، ارسلان بھٹّی کو میری جانب سے محبّت و شفقت وعقیدت اور دِلی دُعائوں کے ساتھ نیاسال مبارک ہو۔ اللہ کرے کہ سالِ نو ہمارے بھٹکے ہوئے نوجوانوں کی اصلاح و ہدایت کے لیے مثالِ نو ثابت ہو۔ (ڈاکٹر ایم شمیم نوید، کینیڈا کی نیک تمنّائیں)
(اپنوں کی خدمت میں)
؎ خالق سے التماس کرے، التجا کرے…کوئی تو ہو جو حق میں ہمارے دُعا کرے…وہ شمع حق جلے نہ بھلا کیسے حشر تک…فانوس بن کے جس کی حفاظت ہوا کرے۔ (امین شیدائی، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی آرزو)
(پاکستانی قوم کے نام)
میری پوری پاکستانی قوم سے درخواست ہے کہ 2026ء میں انفرادی و اجتماعی سطح پر لازماً اپنا اپنا محاسبہ کریں۔ ہم میں سے ہر ایک ماضی کی غلطیوں کا جائزہ لےکر اپنے حال کی اصلاح کی کوشش کرے، تاکہ صحیح منہج کے مطابق مستقبل کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔ (بلقیس متین، کراچی کا نصیحت آموز پیغام)
(تایا زاد، سیّدہ فرح ندیم رضوی(فرح باجی)کی خدمت میں)
خدا کرے، قلم کارہ ہَوں بہت اعلیٰ۔ لکھیں کچھ ایساکہ عقبیٰ میں بھی کام آئے۔ مفہومِ خدمتِ خلق کیا ہے، کوئی پوچھے تو، زباں پہ لوگوں کی باجی فرح کا نام آئے۔ (سیّد ذوالفقار حسین نقویؔ، علی ہائٹس، نیو رضویہ سوسائٹی، کراچی کا خلوص)
(اہلِ وطن کے نام)
نئے سال کی شروعات پر میری دُعا ہے کہ ربِّ کریم تمام اہلِ وطن کے حالات سُکون کی سمت موڑ دے۔ اُن کے دِلوں میں اُنس و ایثار کی شمع فروزاں رکھے۔ وطنِ عزیز کو امن، وقار اور تدبّرکی دولت عطا ہو اور تمام لوگوں کے نصیب میں آسانیاں رقم ہوں۔ (عرفان سرور، چکری روڈ، راول پنڈی کی دُعا)
(محترم استاد، سر محمّدشاہ زیب کے لیے)
علم کی کہکشاں، میرے پیارے استادِ محترم، سر محمّد شاہ زیب کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ سالِ نو اُن کے لیے خوشیوں کی برکھا لیے آئے۔ (گڈو قریشی، حیدرآباد کی عقیدت)
(پاک فوج کے لیے)
میری جانب سے پاک فوج اور روزنامہ جنگ، کراچی کے تمام اسٹاف کو دل کی گہرائیوں سے نیا سال مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن کو دشمنوں کی نظرِ بد سے بچائے رکھے، آمین۔ (عبدالجبّارخان بن عبدالعزیزخان یوسف زئی، نارتھ ناظم آباد، کراچی کی طرف سے)
(جنگ گروپ سے وابستہ ٹیم کے لیے)
ایڈیٹر، ’’جنگ، سنڈے میگزین‘‘سمیت جنگ گروپ کی پوری ٹیم کو میری طرف سے نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ دِلی تمنّا ہے کہ سالِ نو برکتوں، خوشیوں سے بھرپور، رنج و غم سے خالی ہو۔ (فرہاد علی، جیل روڈ، حیدرآباد کی طرف سے)
(پیاروں کے نام)
ہم دُعاگو ہیں کہ 2026ءہمارے تمام پیاروں کے لیےخوشیوں، محبّت اور امن کا سال ثابت ہو۔ اور وطنِ عزیز بہت تیزی سے ترقّی کی راہوں پر گام زن ہو۔ (محمّد اسحٰق اور محمّد ولید، اورنگی ٹاؤن کی نیک تمنائیں)
(ماموں اور ممانی کے لیے)
ہمارے پیارے ماموں، ثاقب قریشی اور پیاری ممانی کو شادی کا پہلا برس اور سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کو تادیر سلامت رکھے۔ (نہال، بلال اور مُنیب، کراچی کا پیغام)
(اہلیانِ اورنگی ٹاؤن کے نام)
اہلیانِ اورنگی ٹاؤن کو نئے سال کی نئی خوشیاں مبارک ہوں۔ (فیضان، عزیز، فہد اور امداد، کراچی کی طرف سے)
(پیارے امّی، ابّو کے لیے)
ہمارے پیارے امّی اور ابّو کو ہماری طرف سے نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ (زویان، سبحان اورعثمان بشیر، کراچی کی جانب سے)
(پاکستانیوں کے نام)
میری جانب سے تمام اہلِ وطن کو 2026ء بہت بہت مبارک ہو۔ (وسیم عرف چاچا کمانڈو، کراچی سے)
(پیارے پاپاجانی کے نام)
دیارِغیر میں مقیم پیارے پاپا جانی کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ (منال اور وانیہ، لبرٹی چوک، حیدرآباد کا پیغام)
(اہلِ اسلام، بالخصوص فلسطینی مسلمانوں کے نام)
نئے سال کے آغاز پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اہلِ اسلام کو اتحاد ویک جہتی عطا فرمائے اور 2026ء ہمارے فلسطینی مسلمان بھائیوں کے لیے اسرائیلی مظالم سے نجات کا سال ثابت ہو۔ (نفیسہ فہیم چوہان، حیدرآباد کی تمنّا)
(پیارے پاپا، عمران خالد کی خدمت میں)
پیارے پاپا جانی! میری جانب سے آپ کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ نئے برس میں آپ کو ڈھیروں خوشیاں اور کام یابیاں نصیب ہوں۔ (ماہم عمران، گلستانِ جوہر، کراچی سے)
(پاکستانی قوم کے نام)
2026ء کی آمد پر دُعا ہے کہ مُلکِ پاکستان، اس کے باشندے اور اس کے تمام اثاثے اللہ کی امان میں رہیں۔ اللہ تعالیٰ اس سرزمین کو امن و استحکام اور خُود مختاری کی دولت سے سرفراز فرمائے اور عوام کے دِلوں میں اخوّت و بھائی چارہ اور کردار میں دیانت پیدا کرے۔ نیز، نیا سال ہمارے لیے اصلاحِ احوال، خیرِ کثیر اور ربّ کی خاص نصرت کا سبب بنے۔ (عبداللہ، فیروز پور روڈ، لاہورکے دُعائیہ کلمات)
( اپنے ہم وطنوں کے لیے)
میری دُعا ہے کہ 2026ء ہر پاکستانی کے لیے مبارک سال ثابت ہو۔ (قاسم عبّاس، ٹورنٹو، کینیڈا کی جانب سے)
(عالمِ انسانیت کے نام)
مَیں ربِّ ذوالجلال کی بارگاہ میں دُعا گو ہوں کہ نیاسال کُل عالمِ انسانیت کے لیے رحمتوں اور برکتوں سے معمور ہو۔ پروردگارِ عالم تمام پریشان حال افراد کی مشکلات دُور فرمائے۔
انسانوں میں محبّت، رواداری، خیر سگالی کا جذبہ پروان چڑھائے، نیز فلسطین اور مقبوضہ کشمیر سمیت جہاں جہاں مسلمان آزمائش میں مبتلا ہیں، انہیں نجات، عزّت اور آزادی عطا ہو۔ (عبدالماجد، عثمانیہ کالونی، ڈھوک مستقیم، پشاور روڈ، راول پنڈی کینٹ)
(سیاست دانوں کی خدمت میں)
سالِ نو کے آغاز پر میری مُلک کے تمام سیاست دانوں سے درخواست ہے کہ وہ ذاتی و سیاسی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ منافقت ترک کریں اور مفاہمانہ رویّہ اپنائیں۔
ایک دوسرے کو غدّار قرار دینے کا سلسلہ ختم کردیں اور اسلامی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کریں، کیوں کہ ہم سب کی بقا اسی میں مضمر ہے۔ (خواجہ تجمّل حسین، نارتھ کراچی، کراچی کی جانب سے)
(راہیٔ عدم ہونے والی لختِ جگر کے لیے)
جوان اولاد کی موت کا غم تاحیات تازہ رہتا ہے۔ دو سال قبل میری جواں سال لختِ جگر، عائشہ صدیقہ ایک جان کاہ حادثے کے نتیجے میں راہیٔ مُلکِ عدم ہوگئی۔ بیٹی کی موت سے دل پر لگنے والا زخم مندمل نہیں ہورہا اور اُس کی یاد ہر مسرّت و انبساط کے موقعے پر سخت مغموم کردیتی ہے۔
نئے سال کے آغاز پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اس رنج والم کا مداوا کرے اور میری بیٹی کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ (قاضی جمشید عالم صدیقی، علاّمہ اقبال ٹاؤن، لاہور کا مغموم سندیسہ)
(پاکستان کی مسلّح افواج کے نام)
پاکستان کی مسلّح افواج کی بےلوث، بےمثال خدمات کی بدولت اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے ہمارا وطنِ عزیز، پاکستان بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ ہو کر ترقّی کی راہ پر گام زن ہے۔
نئے سال کے آغاز پر میری دُعا ہے کہ اللہ ربُّ العزت پاکستان کی برّی، فضائی اور بحری افواج کے ساتھ پوری پاکستانی قوم اور ملّت کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، سب کو خیر و برکات اورسلامتی والی زندگی نصیب فرمائے۔ (صبور مشتاق حسین، رمضان گارڈن، شُومارکیٹ، کراچی کا جذبۂ حبّ الوطنی)
(اُمّتِ مسلمہ کے لیے)
میری اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ سال 2026ء ہمارے لیے خیر، سلامتی اور برکتوں کا سبب بنے۔ نیا سال وطنِ عزیز، پاکستان کے لیے ترقّی، استحکام اور خوش حالی کے نئے در وا کرے۔ پوری اُمّتِ مسلمہ اتحاد، شعور اور عافیت کے سفر کی جانب گام زن ہو اور ہماری زندگی کے ہر پہلو میں توازن، اطمینان اور بہتری رُونما ہوجائے۔ (عبدالواجد، تحصیل چیچہ وطنی، ضلع ساہی وال کی طرف سے)
(اہلِ وطن کے لیے)
2026ء کے آغاز پر مَیں تمام اہلِ وطن سے اپیل کروں گا کہ سب مل کے یہ عہد کریں کہ ہم ہر قسم کی تفرقہ بازی سے دُور اور آپس میں بھائی بھائی بن کررہیں گے۔ نیز، دل و جان سے اپنے پیارے وطن کی حفاطت کریں گے، کیوں کہ یہ وطن ہے، تو ہی ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ پاکستان، ہمیشہ زندہ باد۔ (پرنس افضل شاہین، بہاول نگر کا حُبّ الوطنی سے لب ریز سندیسہ)
(پیاری بیگم، پروین سلام کے نام)
31 سالہ حسین رفاقت کی امین، میرے ہر دُکھ سُکھ کی ساتھی، میری اول و آخر محبّت، میرے پیارے پیارے بچّوں کی ماں، جس کی وجہ سے میرا خاندان متّحد ومستحکم ہے، میرے گھر کی رونق، میری پیاری بیگم پروین سلام کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔
دُعا ہے کہ نیا سال میری اہلیہ کے لیے بہت خوشیاں و کام رانیاں لے کر آئے۔ اللہ تعالیٰ اُسے صحت و تن دُرستی کے ساتھ زندگی کی تمام آسائشیں نصیب فرمائے۔ (محمّد سلام معرفت مولوی عبدالرزاق، موذن مدینہ مسجد، بنگالی کالونی، لطیف آباد، حیدرآباد کا اُنس و محبّت سے معمور پیغام)
’’استقبال‘‘
نہ کوئی عنواں
نہ کوئی موضوع
کہ حرف مفہوم کھو چُکے ہیں
نہ کوئی جھونکا
نہ کوئی خوش بُو
کہ فصلِ گل تو گُزر چُکی ہے
نہ کوئی آہٹ
نہ کوئی پیکر
کہ چاہتوں کے امین اپنے تمام وعدے بُھلا چُکے ہیں
کِسے بُلاؤں
کِسے بتاؤں
کِسے صدا دُوں
کہ سالِ نو کی سحر کا دامن
مِرے دریچوں کو تَک رہا ہے
(ڈاکٹر عزیزہ انجم)