مرتب: طلعت عمران
حسبِ روایت، سالِ نو کے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹّے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کا گویا ایک انبار سا لگ گیا۔
پیغامات کا پہلا حصّہ ہم آپ کی نذر کر چُکے ہیں۔ آج ملاحظہ فرمائیے، ’’ایک پیغام، پیاروں کے نام‘‘ کا دوسرا اور آخری حصّہ۔
مرحوم والد کے لیے
ابّو جان کے اس دُنیا سے رُخصت ہونے کے بعد محسوس ہوا کہ باپ کی عدم موجودگی کتنی کرب انگیز ہوتی ہے۔ وہ صرف ہمارے باپ ہی نہیں، ایک استاد اور مربّی بھی تھے۔ اللہ پاک انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔ (پرویز احمد قادری، مشکے، بلوچستان کا خراجِ عقیدت)
پیارے دوست، فیروز خان کے لیے
؎تِرے مزاج کی بے مہریوں کو مہکانے…میری طرف سے بھی حاضر ہیں کچھ گلاب کے پُھول۔ میرے پیارے دوست! تمہیں نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ یہ برس تمہارے لیے خوشیوں کا پیغام لے کر آئے۔ (سعید احمد خانزادہ، سکرنڈ سے)
بیسٹ فرینڈ، ’’زی‘‘ کے نام
؎وعدہ بھی ساتھ لے گیا جاتے ہوئے وہ آ ج…ملنے کا آ خری تھا جو امکان لے گیا۔ آپ کو نئے سال کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (شاہدہ ناصر کی طرف سے)
شریکِ حیات، بیگم راشدہ اطہر کے لیے
میری چالیس برس کی اُلفت، چاہت اور رفاقت… خدا تمہیں مزید ایسے سالِ نو مبارک کرے۔ (ڈاکٹر اطہر ، فیصل آباد کی دِلی تمنّا)
استادِ محترم، شاہ زیب صدیقی کے لیے
میری دُعا ہے کہ نیا سال استادِ محترم، محمّد شاہ زیب صدیقی کے لیے ڈھیروں خوشیاں لے کر آئے اور وہ ہمیشہ علم کی شمعیں روشن کرتے رہیں۔ (وقاص علی قریشی، حیدر آباد کا پیغام)
انکل پرویز نُور بلوچ کے نام
انکل جی ! آپ کی شفقت، چاہت، خلوص اور پیار کی بہ دولت ہی ہماری زندگی خوشی ومسرّت اور فرحت و شادمانی سے بھرپور ہے۔ میری طرف سے آپ کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ (عبدالواجد شاہوانی، خضدار کا پیغام)
اہلِ پاکستان کے لیے
میری دلی دُعا ہے کہ سالِ نو پاکستان کے لیے امن و سلامتی لے کر آئے۔ (نفیسہ فہیم قریشی، حیدرآباد کی تمنّا)
وائٹ کالر کریمنلز کے نام
؎ لے گئے سارے کھلونے شہر کے سرمایہ دار…میلے کپڑے والے بچّے دیکھتے ہی رہ گئے…ہم نے اپنے خواب بیچے اِن رواجوں کے لیے…خواہشوں کی تتلیوں کے پَر سلگتے رہ گئے۔ (پرنس افضل شاہین، ڈھاباں بازار، بہاول نگر سے)
اپنے پیاروں کے لیے
میری دُعا ہے کہ سالِ نومظفّر، تنویر ، منیر، خدیجہ اور عائشہ کے لیے ڈھیر ساری خوشیاں لےکر آئے اور وہ اپنے بڑے بھائی، امتل کی توقّعات پر پورا اُترنےمیں کام یاب ہوں۔ (منصور وقار سیّد، پی آئی بی کالونی، کراچی کا منظوم پیغام)
پیارے بابا جان کے نام
بابا جانی! آپ کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اس سال ہم سب ساتھ ہوں اور مل کر نئے سال کی خوشیاں سمیٹیں۔اللہ تعالیٰ آپ کاسایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ (عروبہ عدنان، اصغر کالونی، سکرنڈ سے)
سُند ر ،مَن موہنے پوتے ، رانا محمد المیر کے نام
سارے گھر کی جان، راج دُلارے پوتے! اللہ تبارک و تعالیٰ تمہیں سدا یونہی خوش و خرم ، چہکتا، مہکتا اور ہر نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔ آمین۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، طارق آباد، فیصل آباد کی محبّت کی جولانیاں)
محبِّ وطن پاکستانیوں کے لیے
تمام محبِّ وطن پاکستانیوں کو میری، میری زوجہ نسیم جہاں، شاہ عالم، سعدیہ، سلمان اور شیراز کی جانب سے نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ خدا کرے کہ سالِ نو ہم سب کے لیے خوشیوں اور کام رانیوں سے بَھرا سال ثابت ہو۔ (سیّد شاہ عالم زمّرد، راول پنڈی کی دِلی تمنّا)
جان سے پیاری بیٹی، عفراء گُل کے نام
؎مغموم ہے چمن، شجروبرگ غم زدہ…کِھلتے نہیں کہیں یہ گُلِ تر تِرے بغیر۔ (محمد صفدر خان ساغر کا لختِ جگر کے لیے جذبات سے معمور پیغام)
عزیز تر ’’ایس ‘‘کے نام
؎وہ دے جواب اس طرح…کھِلے گُلاب جس طرح۔ (پرنس خانزادہ، سکرنڈکی دُعا)
پیاری بہن، رضوانہ طارق کے لیے
پیاری بہن! تم ہمارے لیے بہت خاص ہو اور دُور رہ کر بھی ہمارے دل کے پاس ہو۔ ہماری طرف سے تمہیں اور اَن مول ستاروں رِجا، ہدیٰ، سنان اور ایمل کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ ہماری دُعا ہے کہ تم ہمیشہ خوش رہو۔ زندگی کے ہر موڑ پر کام یابیاں تمہارے قدم چُومیں اور تمہارے پاس سے غم کا گزر تک نہ ہو۔ (ہانیہ، حبا، سُنبل اور حیان میئو، گلشنِ معمار، کراچی سے)
پیارے پیارے اَن مول ستاروں کے نام
میری جانب سے سلیم ظفر، نرگس ماجد، نجمہ کامران، عظمیٰ شعیب، فائزہ فرحان، نازیہ امتیاز، خدیجہ فیصل اور عائشہ فہد کو نیا سال مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ نئے سال کا ہر لمحہ آپ کے لیے خوشیوں کی بارات لے کر آئے۔ (ہُما ظہیر احمد میئو، احسن آباد، کراچی کا پیغام)
ڈائریکٹر جنرل نیپا، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے نام
خدا کرے کہ سالِ نو میں بھی آپ کی کام یابیوں کی خوش بُوئیں بکھرتی رہیں اور آپ شادو آباد رہیں۔ کراچی کے آکسیجن ٹینک، کڈنی ہِل پارک کے اشجارِ سایہ دار کا پتّا پتّا اور شہر کا بندہ بندہ ہمیشہ آپ کے لیے دُعا گو رہے گا۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّو کی جانب سےاظہارِ عقیدت و محبّت)
بیٹے، بہو اور پوتا، پوتی کے نام
؎ جانے کس سمت سے آتی ہے اچانک تِری یاد…پھر کچھ بھی سمٹنے میں نہیں آتا ہے…خود کو مصروف کیے رکھنے کی کوشش کرنا…کیا تِری یاد کے زمرے میں نہیں آتا ہے۔ (خالدہ خان کا دل گیر پیغام)
عالمِ اسلام کے لیے
عالمِ اسلام، اہلِ پاکستان بالخصوص محصورینِ پاکستان کو خلوصِ دل سے نیا سال مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ نئے برس میں محصورینِ پاکستان پر اپنا خاص کرم فرمائے۔ ان کی مشکلات دُور کرے اور ان مشکلات کے ذمّے داران کی بے حِسی دُور کرتے ہوئے ان کے مُردہ ضمیر جگائے۔ (محمد لئیق شہرت حسین، عزیز آباد، کراچی کی دُعا)
پاک فوج کے نام
میری طرف سے پاک فوج کو دل کی گہرائیوں سے سالِ نو مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز کو دشمنوں کی نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔ آمین۔ (عبدالجبّار خان بِن عبدالعزیز خان یوسف زئی، شاد مان ٹاؤن نمبر2، نارتھ ناظم آباد، کراچی سے)
استادِ محترم، سائیں محمد عارف مُغل کی نذر
استادِ محترم! آپ نے مُجھے نہ صرف ہر آزمائش اور تکلیف کا مقابلہ کرنا سکھایا، بلکہ اس دُنیا میں جینے کا ہُنر بھی عطا کیا۔ آپ ہی نے مُجھے وقت کی قدر وقیمت سے آگاہ اور زندگی میں آگے بڑھنے کی لگن اور جستجو سے لیس کیا، جب کہ آپ کا سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ مُجھے پڑھنا لکھنا سکھایا۔ (کشور کُمار، گوٹھ نواب یوسف تالپور، کوٹ غلام محمّدکی عقیدت)
محسن حسن خان کے نام
؎ہر سال تیرے واسطے خوشیوں کا نگر ہو…کیا خُوب ہو، ہر روز تِری عید اگر ہو…ہر رات مسرّت کے نئے گیت سُنے تُو…لمحات کے پیڑوں پہ بھی شبنم کا اثر ہو۔ (چوہدری قمر جہاں علی پوری، ملتان کا پیغام)
اپنوں اور غیروں کے لیے
؎نئے سال تم جب بھی آنا…سب کے لیے بس خوشیاں لانا…ہر چہرے پر ہنسی سجانا…ہر آنگن میں پُھول کھلانا… بچھڑے ہیں جو، اُنہیں ملانا…جو رُوٹھے ہیں، اُنہیں منانا۔ سالِ نو کے آغاز پر مَیں دُعاگو ہوں کہ نیا برس مُجھ سے منسلک میرے اپنوں اور غیروں کے لیے، جن جن کو مَیں نام، آواز اور چہرے سے پہچانتی ہوں، ڈھیروں خوشیاں لے کر آئے۔ (نویش ریحان عبّاسی ، پھگواڑی، مَری سے)
عظیم استاد، سائیں محمد عارف مُغل کی خدمت میں
سالِ نو کے آغاز پر مَیں اپنے شہر، جمس آباد کے عظیم استاد، سائیں محمد عارف مُغل کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ میرے استاد جی کو شاد و آباد رکھے۔ (اشوک کُمار کولہی، گوٹھ جکھراڑی، کوٹ غلام محمد کا سندیسہ)
پاکستانی عوام کے نام
میری جانب سے پاکستانی عوام کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2025ء میں تمام پاکستانیوں کو ذاتی گھر نصیب فرمائے۔ آمین۔ (محمد سلام، بنگالی کالونی، لطیف آباد، حیدر آبادکی طرف سے)
محمداحمد شاہ کے لیے
میری طرف سے آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے صدر، محمّد احمد شاہ اور اُن کے پینل کو الیکشن میں کام یابی اور سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ (ظریف احسن، گلستانِ جوہر، کراچی سے)
تمام اہلِ وطن بالخصوص قارئینِ جنگ کے نام
میری طرف سے مُلک کے طول و عرض میں بسنے والے تمام پاکستانیوں، روزنامہ جنگ اور جنگ سن ڈے میگزین کے قارئین، لکھاریوں، عملے اور بالخصوص ایڈیٹر سن ڈے میگزین، نرجس ملک صاحبہ کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔
میری دُعا ہے کہ 2025ء آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کے لیے مسرّتوں، شادمانیوں کا سال ثابت ہو اور اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہر آفت و بلا، غم، دُکھ، تکلیف اور پریشانی سے محفوظ اور ہمارے سَروں پر اپنی رحمتوں کا سایہ قائم رکھے۔
بہ قول خواجہ عبدالجلیل عباد؎خدا محفوظ رکھے ساری دُنیا کو وباؤں سے… نئے اس سال میں دے دے رہائی سب بلاؤں سے…نئے اس سال میں مولا! ہوائیں پُھول ہوں ساری…دُعائیں دل سے جونکلی ہیں، وہ قبول ہوں ساری۔ (محمد صفدر خان ساغر ، راہوالی، گوجرانوالہ کی نیک تمنائیں)
سابق آئی جی پولیس ،ذوالفقار چیمہ کی خدمت میں
اعلیٰ کردار کے مالک، اصول و انصاف کے عَلم بردار، والدین کی اعلیٰ و ارفع تربیت کے شاہ کار، بہن بھائیوں کی شفقت و محبّت کے نگہ دار، قوم کے محافظ و وفادار، انتہائی مخلص و نفیس شخصیت کے حامل، خدمت گزار، پاکستان پولیس سروس کے رول ماڈل اور نہایت محترم و مکرّم سابق آئی جی، ذوالفقار چیمہ کو میری جانب سے اُن کے بے شمار کارناموں پر مشتمل خود نوشتِ دل گرفت کی اشاعت اور سالِ نو، ڈھیر ساری دُعاؤں کے ساتھ مبارک ہو۔ (ہومیو ڈاکٹر ایم شمیم نوید، گلشنِ اقبال، کراچی کا خراجِ تحسین)
مرحوم والدین کے نام
نئے سال کا سورج طلوع ہوتا ہے، تو مُجھے اپنے مرحوم والدین بڑی شدّت سے یاد آتے ہیں، کیوں کہ پہلے سال کا آغاز امّی، ابّو کی دُعاؤں سے ہوتا تھا۔ ویسے مُجھے یقین ہے کہ ہمارے ماں باپ ہمیں جنّت سے بھی دُعائیں دیتے ہوں گے، کیوں کہ والدین اور اولاد کا رشتہ کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔
بے شک، ہم اُنہی کی دُعاؤں کے طفیل ایک پُر مسرّت، باوقار زندگی گزار رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ میرے والدین کے درجات بلند کرے اور انہیں فردوسِ بریں میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے۔ (شاہین بنتِ محمد معین الدّین، نارتھ کراچی، کراچی سے)
پیاروں، چاہنے والوں کے نام
سالِ نو کے آغاز پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے مرحوم والدین اور شوہر کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے ہماری خاطر بہت تکالیف اُٹھانے کے باوجود کبھی کسی سے کوئی شکوہ نہیں کیا اور ہر مشکل کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔
نیز، ہمیں صبر و تحمّل کا ایسا درس دیا کہ جو ہماری شخصیت کا حصّہ بن گیا۔ بہ قول شاعر؎ہر مصیبت کا دیا ایک تبسّم سے جواب…اس طرح گردشِ دوراں کو رُلایا مَیں نے۔
بہن، بھائیوں کا رشتہ بھی اٹوٹ ہوتا ہے، لیکن گردشِ زمانہ انہیں ایک دوسرے سے دُور کر دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ میرے تمام بہن بھائیوں ،بالخصوص میری بہن، شاہین کو، جو میرے لیے ٹھنڈی چھاؤں بنی رہتی ہے، ہمیشہ خوش رکھے۔ (عنبر افشاں، اورنگی ٹاؤن، کراچی کا الُفت بھرا پیغام)
ادارۂ قومی تشخّص، لاہور کے ارکان کے نام
سالِ نو کے آغاز پر مَیں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان ہمارا پیارا وطن ہے اور ہمیں ہر اعتبار سے اسے اپنی پہچان بنانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ہمیں شلوار قمیص پہننی چاہیے اور اس کے ساتھ شیروانی، اچکن اور جناح کیپ بھی زیب تن کرنی چاہیے کہ اس منفرد لباس کے ذریعے ہم اقوامِ عالم میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں، ہمیں اپنے گھروں کے آنگن میں اپنا قومی پُھول، چنبیلی لگانا چاہیے۔ میری دلی تمنّا اور دُعا ہے کہ تمام پاکستانی اپنا قومی لباس زیبِ تن کر کے فخر محسوس کریں۔ (رُکن ادارۂ قومی تشخّص، ڈاکٹر محمد حمزہ خان ڈاہا، لاہور کی دلی آرزو)