اسلام آباد(اے پی پی)بنگلہ دیش نے فضائی دفاع مضبوط کرنے کیلئے پاکستان سے رابطہ کرلیا ، بنگلہ دیشی ائیر چیف کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات ، جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی خریداری پر بات چیت ،ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ مارشل حسن محمودخان کا استقبال کیا، ایئر ہیڈکوارٹرز اوفد کے ہمراہ ملاقات ،حربی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے بنگلہ دیش ایئر فورس کوتربیت اور تعاون کی یقین دہانی ،انہوں نےیہ بھی کہا کہ بنگلہ دیش کو سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائیگا، بنگلہ دیشی ایئر چیف نے آپریشنل اور تزویراتی تنصیبات کا بھی دورہ کیا، انہوں نے سائبر، خلائی ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے شعبوں میں قائم جدید ترین سہولیات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بنگلہ دیش ایئر فورس کے چیف آف دی ایئر سٹاف ، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلی سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں فضائی افواج کے مابین آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے باہمی تعاون کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس میں بالخصوص تربیتی مشقوں اور ایرو اسپیس صنعت میں پیش رفت کے شعبوں میں اشترا ک پر زور دیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پاک فضائیہ کی حالیہ پیش رفت اور جدید صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایئر چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جو دونوں برادر ممالک کی افواج کے مابین مثالی عسکری تعاون کا مظہر ہیں۔ انہوں نے جدید حربی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لیے بنگلہ دیش ایئر فورس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایئر چیف نے اس امر پر زور دیا کہ پاک فضائیہ بنگلہ دیش ایئر فورس کے کیڈٹس اور پائلٹس کے لیے بنیادی سے لے کر اعلی سطحی ٹریننگ کے وسیع مواقع فراہم کرے گی ۔ مزید برآں پاکستان ایئر فورس کے مختلف تربیتی اداروں میں بنگلہ دیش ایئر فورس کے اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔ بنگلہ دیش ایئر فورس کی تربیتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایئر چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اس سلسلے میں پاک فضائیہ مکمل تربیتی نظام کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی تاکہ طیاروں کی بروقت شمولیت، بہترین عملی تیاری اور طویل المدتی معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔ بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ نے پی اے ایف کے شاندار حربی ریکارڈ اور مسلسل عملی برتری کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے وسیع عملی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ حاصل کرنے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ۔