• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں مالی سال پاکستان کا تجارتی خسارہ 40 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے‘ اپٹما

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین کامران ارشد نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ مالی سال کے اختتام تک پاکستان کا تجارتی خسارہ 40 ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے، جسے انہوں نے ملکی معیشت کے لیے نہایت تشویشناک صورتحال قرار دیا ہے۔ معیشت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کامران ارشد نے کہا کہ جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 19 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی خسارہ پہلے ہی ریکارڈ کیا جا چکا ہے، جو کہ پاکستان کے بیرونی کھاتوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو درآمدات اور برآمدات کے درمیان عدم توازن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اپٹما کے چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک طویل المدتی تجارتی اور صنعتی پالیسی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری لاگت میں اضافہ، بالخصوص بجلی کے بلند نرخ، پاکستان کے صنعتی شعبے کی مسابقت کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید