کراچی۔۔۔البرکہ بینک (پاکستان) لمیٹڈ (ABPL) نے اپنے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ڈیجیٹل ہب (ڈیزائن لیب) اور ڈیجیٹل آٹو فنانس کا افتتاح کیا، جو بینک کے جدت، صارفین کی سہولت اور شریعت کے مطابق مالیاتی حل فراہم کرنے کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر (ڈیجیٹل فنانشل سروسز گروپ) جناب سید سہیل جواد، البرکہ بینک (پاکستان) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب محمد عاطف حنیف، بینک کی سینئر مینجمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بزنس، اکیڈمیا، ٹیکنالوجی اور فنانشل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی، جن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ہیڈ آف انوویشن ڈویژن جناب فیصل مظہر، 1Link کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب نجیب اگروالا، ایوانزا سلوشنز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب عمر احمد خان، ڈاولینس کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر جناب عمر احسن خان، یونی کریو سلوشنز کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر جناب نوید شریف، سسٹمز لمیٹڈ کے جنرل منیجر جناب محمد معراج یوسف، حبیب یونیورسٹی کی ڈائریکٹر انڈسٹری ریلیشنز محترمہ لبنیٰ احمد اور ماسٹر چانگان موٹرز کے فنانشل کنٹرولر جناب محمد قیصر شامل تھے۔
ڈیجیٹل ہب کو ڈیجیٹل جدت، ڈیزائن اور ٹرانسفارمیشن کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مرکزی ایکو سسٹم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا مقصد بینک کو صارفین کے بہتر تجربات فراہم کرنے، خدمات کی تیز تر فراہمی اور بینک کی ڈیجیٹل اسلامی بینکنگ مصنوعات تک ہموار رسائی ممکن بنانا ہے۔
نئی متعارف کردہ ڈیجیٹل آٹو فنانس سہولت کے تحت صارفین البرکہ موبائل بینکنگ ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے ایک آسان اور مؤثر ڈیجیٹل عمل کے ذریعے آٹو فنانسنگ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جو کارکردگی اور اسلامی فنانسنگ اصولوں کی مکمل پاسداری کو یقینی بناتا ہے۔ یہ سہولت پروسیسنگ کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرنے کے ساتھ ساتھ شریعت کے مطابق آٹو فنانسنگ کے خواہشمند صارفین کو ایک آسان اور پیپر لیس تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
البرکہ بینک (پاکستان) لمیٹڈ ٹیکنالوجی اور جدت میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ صارف مرکزیت، دیانت داری، شریعت کی پاسداری اور اعتماد جیسے بنیادی اقدار پر مضبوطی سے قائم ہے۔ ڈیجیٹل ہب اور ڈیجیٹل آٹو فنانس کا آغاز اسلامی بینکنگ میں جدت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے کسٹمر سروسز کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بینک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔