• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: طلعت عمران

حسبِ روایت، سالِ نو کے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات خاصی تعداد میں وصول پائے۔ تو لیجیے، آپ کی خواہشوں، اُمیدوں، خوشیوں اور نیک تمنّاؤں کی یہ صندوقچی کھول کر آپ ہی کے سامنے رکھے دے رہے ہیں۔ ملاحظہ فرمائیے، اپنے پیغام، پیاروں کے نام کا دوسرا اور آخری حصّہ۔

(دوستوں کے لیے)

میرےتمام دوستوں، عبدالواجد، عبدالماجد، مزمّل عباس، عبدالہادی، عبدالرحمٰن، شعیب اظہر، عبدالعظیم، عبدالوہاب راجپوت، زوہیب ندیم، محمد بلال، محمد شاہ زیب، اطہر حمید، محمد حارث بلال، حارث ملک، معیزاحمد، محمد جنید، علی عتیق، فیضان قیصر، روحان ندیم، عرفان سرور، ریحان شکیل، زین احمد اور جواد مسعود کو نیا سال بہت بہت مباک ہو۔ دُعا ہے کہ 2026ء میرے تمام دوستوں کے لیے کام یابیوں اور برکتوں سے معمور ہو۔ (مبشّر ابتسام، راول پنڈی کی جانب سے)

(پیاری دوست، آمنہ عنایت کے نام)

آپ نے اہلِ فلسطین کے حق میں بھرپور آواز اُٹھائی۔ ’’امجاد الشہداء‘‘ کے نام سے آپ نے شہدا کی داستانیں اُجاگر کیں اور اس کے نتیجے میںبےشمارصعوبتیں جَھیلیں۔ ہم آپ کی محنت اور ہمّت کو داد دیتے ہیں۔ دُعا ہے کہ 2026ء آپ کے لیے خوشیوں بَھرا سال ثابت ہو۔ (سونیا عبّاس علی قریشی، حیدر آباد کی طرف سے)

(پیاروں کے نام)

میری طرف سےسب کو نیاسال بہت بہت مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ 2026ء ہم سب کے لیے ڈھیروں ڈھیر خوشیاں لے کر آئے۔ (نبیل اختر، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کی طرف سے)

(امریکا میں مقیم دُخترِ پاکستان، قرأت نقوی کے لیے)

یہ فضائیں، یہ ہوائیں، یہ صدائیں اور یہ دُعائیں تجھے سلام کہتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ شادوآباد رکھےاور سالِ نو آپ کے لیے خوشیوں، مسرّتوں اور شادمانیوں کا برس ثابت ہو۔ (محمد صفدر ساغر، راہوالی، گوجرانولہ کا پیغام)

(جنگ، سن ڈے میگزین کی ٹیم کے لیے)

میری طرف سے جنگ، سن ڈے میگزین کی ٹیم سمیت ہربنی نوع انسان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ (دلدار گلزار، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کی طرف سے)

(بہنوں، بھائیوں کے نام)

تمام بہنوں اور بھائیوں کو میری طرف سے ہیپی نیو ایئر۔ (ثناء اختر، راول پنڈی کی جانب سے)

(محترم والدین کے نام)

مَیں خوش نصیب ہوں کہ میرے والدین حیات ہیں اور بابو میرا مضبوط سہارا ہیں۔ نئے سال کے آغاز پردل سےدُعاگو ہوں کہ 2026ء ہماری پوری فیملی کے لیے خوشیوں سے بھرا سال ثابت ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے محترم والدین کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ (ڈاکٹر ایم عارف سکندری، کھوکھر محلّہ، حیدرآباد کی دُعا)

(دُنیا سے رخصت ہونے والے پیاروں کی خدمت میں)

مُجھے ہر نئے سال کے آغاز پر دُنیا چھوڑ جانے والے اپنے تمام پیاروں بالخصوص والدِ محترم، چچا جان اور مرحومین بھانجے اور بھانجی کی بہت یاد آتی ہے۔سوچتا ہوں کہ اگر یہ تمام لوگ آج ہمارے درمیان موجود ہوتے، تو ہماری زندگی نہ صرف مختلف بلکہ شان دار ہوتی۔ 

بہرکیف، زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ سو، 2026ء کی شروعات میں دِلی دُعا ہے کہ اللہ ان تمام مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین۔ (پرویز نور قادری، مشکئے کا پیغام)

(شریکِ حیات، شازیہ عمران کے لیے)

نئے سال تم جب بھی آنا…سب کے لیے بس خوشیاں لانا…ہر چہرے پر ہنسی سجانا…ہر آنگن میں پُھول کھلانا…جو بچھڑے ہیں، اُنہیں ملانا…جو رُوٹھے ہیں، اُنہیں ملانا…جو سوتے ہیں، اُنہیں جگانا…جو رُوٹھے ہیں، اُنہیں منانا۔ (عمران خالد، گلستانِ جوہر، کراچی کا اہلیہ سے اظہارِ محبّت کا ایک انداز)

(پیاری روزی آپی اور پیاری مانا آپی کے نام)

نئے عیسوی سال کا آغاز ہو چُکا ہے۔ مغربی ممالک کے ٹھٹھرتے اور اداس کر دینے والے شب و روز میں اللہ تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کی عافیت نصیب فرمائے۔ 

دیس میں موجود اپنے پیاروں کی یادوں کی بارات سجا کر اپنے دِلوں کو حرارت بخشیں۔ (مصباح طیّب، سرگودھا کی طرف سے)

(قرأت نقوی کے لیے)

میری اور تمام اہلِ اورنگی ٹائون کی جانب سے ٹیکساس، امریکا میں مقیم محترمہ قرأت نقوی کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ ہم اُن کے اورنگی ٹاؤن سے اظہارِ تعلق پر اُن کے بے حد ممنون و شکر گزار ہیں اور ہماری دُعا ہے کہ سالِ نو اُن کے لیے ڈھیروں خوشیاں لے کر آئے۔ (امین شیدائی، اورنگی ٹاؤن، کراچی کا پیغام)

(روزنامہ جنگ اور ہفت روزہ، اخبارِ جہاں کے نام)

ہم تمام بہن بھائی اور ہمارے بچّے ’’روزنامہ جنگ‘‘ اور ’’اخبارِ جہاں‘‘ کے مستقل قارئین ہیں کہ اس اخبار و جریدے کی خبریں اور دیگر سلسلے ایک سے بڑھ کر ایک ہوتے ہیں، جب کہ سن ڈے میگزین تو گویا سونے پر سہاگا اور ہمارے پسندیدہ ترین جرائد میں شامل ہے، تب ہی نہایت ذوق و شوق سے پڑھتے ہیں۔ 

سالِ نو کے آغاز پر دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جنگ گروپ اور اُس کے کارکنان کو بےشمار کام یابیاں نصیب فرمائے۔ یہ دن دُگنی، رات چوگنی ترقی کریں۔ نیز، اخبارِجہاں کا مستقل قاری ہونے کے سبب مَیں اس میں شائع ہونے والی کرنل(ر) شاہد آفتاب کی تحاریر کا بھی بہت فین ہوں۔ 

بالخصوص، ان کی خُود نوشت اور سفرنامے تو بہت ہی توجّہ اور ذوق وشوق سے پڑھے۔ میرے خیال میں تو اُن کی تمام ہی نگارشات جداگانہ، منفرد نوعیت کی ہوتی ہیں، تو سالِ نو کے موقعے پر اُن سے گزارش ہے کہ وہ اخبارِجہاں میں اپنی کاوشوں کا سلسلہ یجاری و ساری رکھیں۔ اللہ تعالیٰ اُن کو صحتِ کاملہ اور کام یابیوں سے بھرپور زندگی عطا فرمائے۔ (صبور مشتاق حسین، رمضان گارڈن، کراچی کی طرف سے)

(ضیاء الحق قائم خانی کی خدمت میں)

بلال، وقاص، عباس، ذاکر، آصف، مدثّر، عارف، شاہد، زین، ضرار، طلحہ، اُسامہ، حذیفہ، اویس، حمزہ، سفیان، ایان، عمّار، عزیر، معاذ، دانیال، اسد، یوسف، عمران، کاشف، شہزاد، سلیم، عامر، علی، سیف اور وقار کی جانب سے آپ کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ (میرپور خاص کےسب دوستوں کی طرف سے)

(ڈی جی نیپا، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے نام )

خوش پوش، خوش اخلاق، خوش اطوارمحبّت و انسانیت سے لب ریز انسان، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کو نئے سال کی مبارک باد قبول ہو۔ آپ اہلِ کراچی کے چہروں پر قوسِ قزح کے رنگ خُوب سجاتے ہیں۔ دُعا ہے کہ مالکِ لوح و قلم آپ پر ہمیشہ اپنی رحمتوں کے سائے رکھے۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّو کی جانب سے)

(ایڈیٹر ،’’سن ڈے میگزین ‘‘ کی خدمت)

میری طرف سے آپ اور ’’جنگ، سن ڈے میگزین‘‘ کی پوری ٹیم کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ (سعید احمد خانزادہ، سکرنڈ سے)

(فیروز خان سمیت تمام پیارے دوستوں کے لیے)

نئے سال کی ابتدا پر میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2026ء کو میرے تمام دوستوں کے لیے کام یابی و کام رانی کا سال بنادے اور انہیں صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔ (ایس احمد، شہید بے نظیر آباد کا پیغام)

(عزیز از جان والد اور پاک فوج کے نام)

میری جانب سے میرے عزیز از جان والدِ محترم، عدنان خان اور پاکستان کی مسلّح افواج کو نیا سال مبارک ہو۔ اللہ کرے کہ سالِ نو میں آپ کو ڈھیروں کام یابیاں نصیب ہوں۔ (اطروبہ عدنان خانزادی، شہید بے نظیر آباد کا پیغام)

(تمام مسلمانوں کے نام)

نئے سال کے آغاز پر میری دِلی تمنّا ہے کہ دُنیا بَھر کے مسلمان اپنے تمام تر اختلافات فراموش کر کے یک جا ہو جائیں اور عالمِ اسلام کی ترقّی و کام رانی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔ مجھے یقین ہے کہ اگر ہم اس ضمن میں نیک نیتی کا مظاہرہ کریں گے، تو اللہ تعالیٰ بھی ہماری مدد فرمائے گا۔ (محمد شریف احمد، کراچی کی جانب سے)

(والدین کی خدمت میں)

مَیں آج جس مقام پر بھی ہوں، اپنے والدین کی محنت اور دعائوں کی بہ دولت ہوں۔ انہوں نے مجھ سمیت اپنی ساری اولاد کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے دن رات ایک کر دیا اور آج بھی ہمارے سکون اور عافیت کے لیے ہمہ وقت دُعا گو رہتے ہیں۔ سالِ نو کے آغاز پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے اور ہمیں اُن کی خدمت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ (فیاض حسین، کامرہ، اٹک کی طرف سے)

(اہلِ کراچی کے نام)

کراچی کا شہری ہونے کے ناتے اہلِ کراچی کا درد میرا درد اور خوشی میری خوشی ہے۔ سالِ نو کی ابتدا میں میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ رواں برس شہرِ قائد کے تمام دیرینہ مسائل ختم اور شہریوں کو آسانیاں عطا کرے۔ (عبدالغفّار، ناظم آباد، کراچی کا پیغام)

(پیاری سہیلی، کرن کے لیے)

نئے سال کے آغاز پر مَیں اپنی پیاری سہیلی، کرن کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ایک دوسرے سے سیکڑوں میل دور ہونے کے باوجود ہماری دوستی، محبّت اور ساتھ ہمیشہ برقرار رہےگا۔ مَیں تمہیں ہمہ وقت اپنی دعاؤں میں یاد رکھتی ہوں اور جب مجھے تمہارے ساتھ بیتے قیمتی اور خوش کن لمحات یاد آتے ہیں، تو میرے چہرے پر بے ساختہ مسکراہٹ دوڑ جاتی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں سدا ہنستا بستا رکھے اور تمہارا ہر دن عید اور ہر رات شبِ برأت ثابت ہو۔ (بلقیس طاہر، کراچی کی جانب سے)

(والدِ محترم کی خدمت میں)

باپ وہ شفیق اور مہربان ہستی ہے کہ جو اپنی اولاد کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتا اور میرے والد نے بھی مجھ سمیت اپنی تمام اولاد کی بہتری کے لیے کبھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ 

سالِ نو کی شروعات پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے والدِ محترم کو صحتِ کاملہ نصیب فرمائے اور ان کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر قائم رکھے۔ (محمد حنیف، راو ل پنڈی کا پیغام)

(اہلِ وطن کے نام)

سالِ نو کے آغاز پر میرے قلم سے لکھا گیا ہر جملہ، اِک اِک حرف اہلِ وطن کے لیے پیار ومحبّت بَھری تمنّاؤں سے لب ریز ہے۔ میری ہر خواہش اور ہر آرزو میں روشن اور تاب ناک مستقبل کی مٹھاس گُھلی ہے۔ اس موقعے پر میری اپنے پیارے اور رحیم و کریم ربّ سے دُعا ہے کہ آنے والا ہر لمحہ ہمارے وطنِ عزیز اور اس کے محبّان کے لیے ترقّی اور صحت کا پَل ہو۔ ہم سب نئے سال کا یوں استقبال کریں کہ پُھول نہیں، بلکہ چمن کِھلائیں۔ (چوہدری قمر جہاں علی پوری، ملتان کے حسین جذبات واحساسات)

(چلبلے پوتے، رانا محمد المیر اور اپنی کائنات، راشدہ اطہر کے نام )

دادو کی جان، دادا کےنورالعین اور پورے گھر کے راج دُلارے، رانا المیر! خدائے باری تعالیٰ تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے اور نئے سال میں بھی تم یونہی چہکتے، ہمکتے اور دمکتے رہو۔ اور میری پیاری نصف بہتر !گزشتہ ڈیڑھ سال میں تم نے جس قدر کمال برداشت، اولوالعزمی اور خندہ پیشانی سے ’’مہلک مرض‘‘ کا مقابلہ کیا اور پھر اللہ تعالیٰ نے اپنا کرم کیا، اس پر تم لائقِ تحسین ہو۔ میری دُعا ہے کہ نئے سال میں بھی تم اسی صبرو استقامت کا مظاہرہ کرتی رہو اور اللہ تعالیٰ تمہیں مسرّت و شادمانی اور فرحت و انبساط نصیب فرمائے۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، فیصل آباد کے شفقت و محبت سے معمور پیغامات)

(اہلِ غزہ کی خدمت میں)

2025ء گزر گیا، 2026ء شروع ہوگیا، لیکن مُجھے نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے شرم آتی ہے کہ ہم گزشتہ برس بھی اہلِ فلسطین و غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کے خلاف سوائے مذمّت کے کچھ نہ کرسکے۔ بہرکیف، میری دِلی دُعا ہے کہ سالِ نو فلسطینی مسلمانوں کی مشکلات میں کمی کا سال ثابت ہو۔ (زویا قریشی، سٹی گیٹ، حیدرآباد کا سندیسہ)

(اپنے بچّوں کے لیے)

حافظ عبدالصمد حسن، حافظہ خوش بخت فاطمہ، حافظہ فضہ فاطمہ، حافظہ سدرۃ المنتہیٰ فاطمہ اور حافظہ مقدّس فاطمہ! آپ تمام لوگوں کو اللہ ربّ العزت نے حافظِ قرآن ہونے کے بلندو بالا مرتبے کے ساتھ یونی ورسٹی تک کی دنیاوی تعلیم سے بہرہ مند کیا۔ نئے سال کی ابتدا پر، میری دُعا ہے کہ آپ اپنی قابلیت و صلاحیت کی بنیاد پر پوری دُنیا میں اپنے شہر کراچی، صوبۂ سندھ اور مُلک پاکستان کا نام روشن کریں۔ (ایس مشتاق، کراچی کی اپنی ہونہا اولاد کے لیےخُوب صُورت دُعا)

سنڈے میگزین سے مزید