راجن پور کے کچہ عمرانی اور کچہ کراچی میں آپریشن کے دوران 11 ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔
پولیس نے کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔
اس دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔
اس حوالے سے ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ڈاکو اغواء، قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔
ڈی پی او نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے 7 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گھوٹکی کے علاقے رونتی کچے میں پولیس، وفاقی سول حساس ادارے اور سندھ رینجرز نے ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 2 ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔
ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب اور ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی قیادت میں پولیس اور سندھ رینجرز کا رونتی کچے میں مشترکہ ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔
کاروائی کے دوران پولیس کی جانب سے ڈرون کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 ڈاکو اصغر شر اور بخش شر ہلاک ہوئے جبکہ 3 سال سے ڈاکوؤں کے پاس قید پنجاب کے علاقے بورے والا کے رہائشی محمد عبداللّٰہ آرائین کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔