• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّفہ: عالیہ شمیم

صفحات: 227، قیمت: 800روپے

ناشر: پریس فار پیس پبلی کیشنز۔

مصنّفہ عالمہ اور حافظہ ہیں۔ ’’حریمِ ادب، پاکستان‘‘کی صدر بھی رہیں۔ افسانے، کہانیاں لکھتی ہیں اور ان کے افسانوں کے دو مجموعے بھی شایع ہوچُکے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب، جیسا کہ عنوان سے ظاہر ہے، قرآنِ کریم کی تعلیمات سے متعلق ہے۔ اِس ضمن میں مصنّفہ کا کہنا ہے کہ’’ قرآن ’’شاہ کلید‘‘ ہے، جو صرف معلومات نہیں دیتا، بلکہ دل کے قفل بھی کھولتا ہے۔ 

قرآن، کتابِ علم ہی نہیں، فہم، ہدایت و بصیرت اور حیاتِ انسانی کے ہر ہر مرحلے پر رہنمائی کی مشعل بھی ہے۔‘‘ کتاب دس ابواب پر مشتمل ہے، جن میں انسان، عقائد و عبادات، اخلاق و معاملات، انفاق و وسائل، تہذیب و تمدّن، قانون سازی، استحکامِ خاندان، توبہ استغفار، آفات اللسان اور تعلق باللہ کے عنوانات کے تحت قرآنِ پاک سے رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔ 

نام وَر صحافی، محمود شام کے مطابق، اِس کتاب میں نہایت آسان، مؤثر اور مشفقانہ اسلوب میں سمجھایا گیا ہے کہ قرآنِ پاک میں اسلامی معاشرے کی حدود کیا ہیں۔‘‘پروفیسر ڈاکٹر محمود غزنوی، ڈاکٹر عابد شیروانی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر حمیرا طارق، محبوب سرور اور حمیرا اطہر نے، جن کی نظرِثانی کے ساتھ یہ کتاب شایع ہوئی ہے، عالیہ شمیم کی کاوش کو سراہا ہے۔ 

اِس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ قرآنِ کریم سے جُڑے بغیر حقیقی کام یابی سے ہم کنار نہیں ہوا جاسکتا اور اِس طرح کی کتب ہمیں اِسی سبق کی یاد دہانی کرواتی ہیں، جو بدقسمتی سے ہم بھول چُکے ہیں۔