• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کی زمین پر قبضہ: محکمہ بورڈز و جامعات کا فوری کارروائی کا حکم

محکمہ بورڈز و جامعات سندھ نے جامعہ کراچی کی قیمتی زمین پر جاری غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری قانونی اور انتظامی کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ 

اس سلسلے میں محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ کو باقاعدہ خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے دائرہ اختیار میں آنے والی اراضی پر غیر قانونی تجاوزات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

خط کے مطابق جامعہ کراچی کی زمین پر کم از کم دو پیٹرول پمپ غیر قانونی طور پر قائم ہیں۔ یہ تجاوزات نہ صرف سرکاری زمین پر قبضے کے مترادف ہیں بلکہ اعلیٰ تعلیمی ادارے کے قانونی و انتظامی اختیار کو بھی چیلنج کر رہی ہیں۔

محکمہ بورڈز و جامعات نے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی قبضوں کو فوری طور پر روکا جائے، جامعہ کراچی کی زمین کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور اس معاملے پر پہلے سے کی گئی کسی بھی انکوائری کی رپورٹ جلد از جلد محکمہ کو ارسال کی جائے تاکہ مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

تعلیمی اور انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ خط اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے کا معاملہ سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آیا ضلعی انتظامیہ اس پر عملی اور مؤثر کارروائی کرے گی یا یہ معاملہ بھی فائلوں کی نذر ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید