• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے، غیر قانونی پیٹرول پمپ کی تعمیر کا نوٹس لینے کی اپیل

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر اور رکن سنڈیکیٹ پروفیسر غفران عالم نے ملک کے طاقتور اداروں سے درخواست کی کہ وہ جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے اور غیر قانونی پیٹرول پمپ کی تعمیر کا نوٹس لیں اور اس معاملے میں جامعہ کراچی کی معاونت کریں اور قبضہ واگزار کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

انھوں نے کہا کہ اساتذہ برادری کی یہ متفقہ رائے ہے کہ جامعہ کی زمینوں کے تحفظ کے لیے متعلقہ قانونی دستاویزات، عدالتی ریکارڈ اور لینڈ اتھارٹیز سے مصدقہ معلومات کے حصول کا عمل مزید مؤثر اور تیز کیا جانا چاہیے، تاکہ کسی بھی ابہام یا کمزوری کی گنجائش باقی نہ رہے۔

صدر انجمن اساتذہ نے واضح کیا کہ وہ جامعہ کراچی کی اراضی کے دفاع کے معاملے میں انتظامیہ کی تمام مثبت اور سنجیدہ کوششوں کے ساتھ ہیں، تاہم اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ اس معاملے پر مسلسل نظر رکھنا، بروقت رہنمائی دینا اور ضرورت پڑنے پر اجتماعی آواز بلند کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک قومی اثاثہ ہے اور اس کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے لیے اساتذہ، انتظامیہ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ، منظم اور تیز رفتار حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید