اسلام آباد(طاہر خلیل)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے صومالیہ کے وزیرِ داخلہ علی یوسف نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پربھی دستخط کیے گئے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق معاہدہ پر صومالیہ کی وزارتِ خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے مستقل سیکرٹری حمزہ عدن حادو اور وفاقی وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے سپیشل سیکرٹری داود محمد بڑیچ نے دستخط کئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کو آگاہ کیا گیا کہ صومالیہ کے وزیرِ داخلہ کا یہ دورہ گزشتہ 35 سال میں صومالیہ کی جانب سے پاکستان کا پہلا باضابطہ دوطرفہ سرکاری دورہ ہے۔