کوہاٹ(این این آئی) پاکستان سے غیر قانونی طریقے سے اٹلی جانے والے 76 لاپتہ پاکستانیوں کا پتہ لگا لیا گیا ، تمام افراد لیبیا کے شہر طرابلس کے تاجورہ حراستی مرکز میں قید، رہائی کیلئے کوششیں جاری، اس ضمن قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیراور پاکستان پیپلز پارٹی کوہاٹ ڈویژن کے صدر ساجد حسین طوری نے بتایا کہ76 لاپتہ پاکستانی لیبیا کے شہر تریپولی کے حراستی مرکز تاجور ہ میں زیر حراست ہیں جن کی جلد رہائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ساجد حسین طوری کے مطابق لیبیا حکام نے زیرحراست افراد کی فہرست جاری کردی ہے جن کا تعلق پاکستان کے شہروں پشاور،شیخوپورہ، گجرات،گوجرانوالہ ،حافظ آباد ،سیالکوٹ ،منڈی بہاؤالدین،فیصل آباد،سرگودھا،صوابی ،قبائلی اضلاع کرم اور خیبراور دیگر علاقوں سے ہے۔