متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما سید امین الحق کا کہنا ہے کہ گل پلازا پر تنقید کے بعد سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گل پلازا واقعے پر تنقید پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے سندھ حکومت نے سیکیورٹی واپس لی، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، مجھ سمیت تمام رہنماؤں کی سیکیورٹی واپس لی گئی۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نااہلی کو عوام کے سامنے لاتے رہیں گے، سیکیورٹی واپس لینے سے ہم گھبرائیں گے نہیں، ہم عوامی لوگ ہیں، سندھ حکومت ہمیں دیوار کے ساتھ لگانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عوام کی بات کرتی رہی گی، ایم کیو ایم پارلیمان میں آواز اٹھاتی رہی اب سڑکوں پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ایم کیو ایم سڑکوں پر آنے کا سوچ رہی ہے۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں مقدمات میں پھنسانے کی کوشش بھی کی جائے گی، ہم پر پہلے بھی مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہمیں سیکیورٹی کے لیے ایک ایک پولیس موبائل فراہم کی گئی تھی۔