• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈکپ: کیا پاکستانی ٹیم کولمبو کے موسم کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے لیکن بھارت کے خلاف شیڈول میچ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے کی وجہ سے قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی مشکل پوزیشن میں ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت جو ٹیم میچ کا بائیکاٹ کرتی ہے وہ میچ ہار جاتی ہے اور اس حساب سے قومی ٹیم پاک بھارت میچ سے ملنے والے 2 پوائنٹس کھو دے گی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے یعنی ہر گروپ میں 5 ٹیمز ہیں اور ہر گروپ سے نمایاں کارکردگی دکھانے والی 2 ٹیمز ایونٹ کے سپر 8 مرحلے میں داخل ہوں گی تو پاک بھارت میچ کے 2 پوائنٹس کھو دینے کا مطلب ہے کہ قومی ٹیم کے پاس باقی گروپ میچز کے دوران غلطی کا کوئی مارجن نہیں ہے۔

پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ رکھا گیا ہے اور قومی ٹیم تمام گروپ میچز کولمبو میں کھیلے گی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف صبح ساڑھے 10 بجے کھیلے گی، دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا اور تیسرا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

قومی ٹیم کے لیے کولمبو کے موسم نے ایونٹ کی صورتحال کو مزید تشویش ناک بنا دیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 7 فروری کو کولمبو میں ہلکی ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 

فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کولمبو میں 7 فروری کو دن کے وقت درجۂ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک اور رات میں تقریباً 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کولمبو میں دوپہر سے شام تک بارش ہونے کا امکان زیادہ ہے اور صبح کے وقت موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔

اگر بارش کی وجہ سے نیدرلینڈز کے خلاف میچ واش آؤٹ ہوا تو ایونٹ کے اگلے مرحلے میں قومی ٹیم کے داخل ہونے کا امکان مزید کم ہو سکتا ہے۔

پاکستان کو ممکنہ طور پر باقی تینوں گروپ میچ جیتنے ہوں گے اور اپنے نیٹ رن ریٹ کو نمایاں طور پر بہتر کرنا ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید