انگلینڈ کے سابق انٹرنیشنل فٹبالر اینڈروس ٹاؤن سینڈ تھائی پریمیئر لیگ کے میچ سے قبل وارم اَپ کے دوران حیران کن حادثے کا شکار ہوگئے۔
اینڈروس ٹاؤن سینڈ گراؤنڈ پر گھاس ہموار کرنے والے رولر کی زد میں آگئے، تاہم خوش قسمتی سے وہ حادثے میں شدید زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔
اینڈروس ٹاؤن سینڈ اپنی ٹیم پی ٹی پراچواپ کی جانب سے پٹانی ایف سی کے خلاف میچ سے قبل وارم اَپ کر رہے تھے کہ گراؤنڈ پر گھاس ہموار کرنے والا رولر ان کی جانب آگیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثے میں اینڈروس ٹاؤن سینڈ کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور وہ بعد ازاں میچ کے 93ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں بھی اترے۔
35 سالہ اینڈروس ٹاؤن سینڈ ایک سال سے زائد عرصے سے تھائی لینڈ میں فٹبال کھیل رہے ہیں۔
اس سے قبل وہ انگلینڈ کے ٹوٹنہم ہاٹ اسپَر، کرسٹل پیلس، ایورٹن اور لوٹن ٹاؤن سمیت دیگر کلبز کی نمائندگی کرچکے ہیں، جبکہ انگلینڈ کی قومی ٹیم کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔