• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر دل بہت رنجیدہ ہے، محمد رضوان

محمد رضوان : فائل فوٹو
محمد رضوان : فائل فوٹو 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے افسوسناک حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، اس المناک گھڑی میں میری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہمارا پیارا وطن اور اس کے عوام پہلے ہی بے پناہ دکھ اور آزمائشوں سے گزر چکے ہیں اور یہ سانحہ ایک گہرا زخم ہے، اس کے باوجود پاکستان اور اس کے بہادر عوام ہمیشہ ثابت قدم اور سربلند رہے ہیں۔

پاکستانی کرکٹر نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہماری ارضِ پاک کی حفاظت فرمائے اور ہمارے عوام کو امن، صبر اور طاقت عطا کرے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد اور امام بارگاہ کے اندر گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہو گئے۔

نماز جمعہ کے دوران مسجد میں داخلے سے روکنے پر حملہ آور نے خود کو گیٹ پر اڑا لیا، دہشت گرد پر رضاکاروں نے فائرنگ کی، گولی ران میں لگی وہ گر پڑا، ساتھی نے فائر کھولا تو دہشت گرد پھر کھڑا ہوا اور گیٹ سے مسجد کے صحن میں گھس گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق پہلی رکعت کے سجدے میں جاتے ہی دھماکا ہوا، ایک حملہ آور فرار ہوگیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید