سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں علاقائی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سعودی کابینہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب نے فریقین سے کشیدگی کم کرنے اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، مسئلے کا ایسا سیاسی حل تلاش کیا جائے جو خطے کو مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچا سکے، یہ صورتحال خطے اور نہ ہی دنیا کے مفاد میں ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں تنازع کے حل میں مدد کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا اور سیاسی حل اور مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچنے کے لیے ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں اجلاس کے دوران سعودی وزارتِ انصاف اور پاکستانی وزارتِ قانون میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت بھی منظور کی گئی۔