پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بطور کپتان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹرافی اُٹھانے کی خواہش پوری ہونے کے بعد اپنی ایک اور خواہش کا اظہار کر دیا۔
بابر اعظم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پی ایس ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی شاندار فتح کے بعد ٹرافی اور ٹیم کے ساتھ لی گئی کچھ یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ الحمدللّٰہ! ہم چیمپئنز بن گئے۔
بابر اعظم نے لکھا ہے کہ مجھے اپنی ٹیم پر بہت فخر ہے، ہم ہر لمحہ ایک ساتھ کھڑے رہے، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں بطور بال پکر گراؤنڈ میں سائیڈ پر کھڑا اس طرح کے لمحات کا صرف خواب دیکھ رہا ہوتا تھا۔
بابر اعظم نے لکھا ہے کہ اب میری خواہش ہے کہ اگر آج ایک بال پکر بھی یہ یقین کر کے بیٹ اٹھاتا ہے کہ وہ کل کرکٹر بن سکتا ہے تو آج کی یہ فتح میرے لیے سب کچھ ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں اپنی فیملی، پشاور زلمی کی انتظامیہ اور اپنے دوستوں کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا ہے۔