• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن صدر کی درخواست پر پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹی20 ورلڈکپ میچ کھیلنے کا فیصلہ، ذرائع

سری لنکن صدر کی درخواست پر پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے خلاف گروپ میچ کھیلنے پر آمادہ ہوگیا۔ دونوں ٹیمیں شیڈول کے مطابق 15 فروری کو گروپ اے کا اپنا میچ کھیلیں گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا میچ کھیلیں گی۔

خیال رہے کہ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت پر اپنی ٹیم کےلیے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا۔

اس پر بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو آئی سی سی نے بنگلادیش سے بات کرنے کے بجائے ایونٹ سے بنگلادیش کو نکال کر اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا۔

بعدازاں پاکستان نے کرکٹ کونسل کے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیا اور بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔

بعدازاں آئی سی سی نے پاکستان کو منانے کی کوششیں کیں اور اس سلسلے میں آئی سی سی کی ڈپٹی چیئرمین، صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان 4 گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی۔ 

قبل ازیں سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے انہیں پاکستان ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ ختم کرکے اور ٹیم کو میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید