پاکستانی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے نکاح کی خبریں ایک بار پھر زیرِ گردش ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ کی شادی سے متعلق قیاس آرائیوں نے اُس وقت جنم لیا جب انہوں نے ایک صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’جمعے کی دوپہر میں نکاح ہو گا‘، جس کے باعث مداح تجسس اور کنفیوژن کا شکار ہو گئے۔
عالمی شہرت یافتہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سیلیبریٹی ہیں، جو سوشل میڈیا پر خاصی متحرک رہتی ہیں اور اکثر براہِ راست مداحوں سے بات چیت کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم ان کی بے باک شخصیت اور کھلے دل سے دیے گئے جوابات انہیں اکثر خبروں اور تنازعات کا مرکز بھی بنا دیتے ہیں۔
اس کے باوجود 28 سالہ اداکارہ حساس موضوعات پر بات کرنے سے گریز نہیں کرتیں اور عام طور پر سوالات کے جواب کھل کر دیتی ہیں، جن میں ان کی شادی سے متعلق سوالات بھی شامل ہیں۔
گلوکار عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے تعلقات بحال ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
اگرچہ دونوں میں سے کسی نے بھی اس حوالے سے تصدیق نہیں کی، تاہم ہانیہ کی عاصم کے کنسرٹس میں شرکت، انسٹاگرام پر ان کے گانوں کا استعمال اور ان کے گھر ہونے والی خاندانی تقریبات میں موجودگی نے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے۔
افواہیں اُس وقت مزید شدت اختیار کر گئیں جب ہانیہ عامر نے حال ہی میں عاصم اظہر کے گھر منعقدہ ایک قوالی نائٹ میں شرکت کی، ہمیشہ کی طرح اداکارہ نے بڑھتی ہوئی چہ مگوئیوں کا جواب مزاحیہ انداز میں دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل دعوؤں کے مطابق ہانیہ عامر اور عاصم اظہر مبینہ طور پر رمضان کے دوران شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایک مداح نے اس حوالے سے براہِ راست سوال پوچھا کہ آپ کا نکاح سحری کے بعد ہو گا یا افطار کے بعد؟ جس پر ہانیہ عامر نے مختصر مگر معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’جمعے کی دوپہر‘۔
اس ہلکے پھلکے تبصرے کے بعد مداح ایک بار پھر یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ آیا اداکارہ محض مذاق کر رہی تھیں یا پھر اپنے شادی کے منصوبوں کی طرف اشارہ دے رہی تھیں۔