بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار کیے گئے مطلوب دہشت گرد کمانڈر کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بنوں سے ہے جو دانیال اور باغی کے نام سے معروف ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسامہ نئی دہشت گرد تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان کا سرگرم کمانڈر تھا، دہشت گرد نے اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ پر حملے سمیت 9 بڑی کارروائیوں کا اعتراف کر لیا۔
ملزم نے دسمبر 2025ء میں اے سی میرانشاہ شاہ ولی خان پر حملے اور گاڑی جلانے کا اعتراف کیا۔
ملزم نے سابق ایس ایچ او عابد وزیر کے اغواء اور قتل میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے۔
ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم لکی مروت امن کمیٹی کے 3 رہنماؤں کے اغواء اور قتل میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کر چکا ہے۔