میرانشاہ (نمائندہ جنگ )بنوں کے قریب اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ قاتلانہ حملے میں2پولیس اہلکاروں اور ایک راہگیر سمیت شہید ڈرائیور سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی، حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو آگ لگا دی ۔تفصیلات کے مطابق میرانشاہ بنوں روڈ پر نامعلوم افراد نے اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی خان کی گاڑی پر بنوں ممند خیل کے علاقے میں اس وقت حملہ کیا جبکہ وہ میران شاہ سے بنوں جا رہے تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی پر فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر سمیت دو پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر جا ں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ شاہ ولی خان جو شمالی وزیرستان سے عدالتی تاریخ کے سلسلے میں بنوں ہائی کورٹ جا رہے تھے کہ بنوں میرانشاہ روڈ پر انکی سرکاری گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا ۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد ان کی سرکاری گاڑی کو آگ لگا دی ۔ جس سے اسسٹنٹ کمشنر کی لاش جھلس گئی ۔ صباح نیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے تصدیق کی ہےکہ حملہ آور زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر لے گئے۔ لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ۔ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ۔