رمضان میں ملک بھر میں مجموعی طور پر موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد سے نیشنل ڈیزاسٹر منیجنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے ممکنہ موسمی صورتحال پر جائزہ جاری کر دیا۔
این ای او سی کے اعلامیہ کے مطابق رمضان میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ رہے گا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی، رمضان کے پہلے عشرے کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں راتیں ٹھنڈی رہیں گی۔
این ای او سی کے مطابق دوسرے عشرے کے دوران موسم قدرے گرم ہونے کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار میں دوسرے عشرے میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق بعض مقامات پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، تیسرے عشرے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
این ای او سی کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارشوں کی توقع ہے، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخر تک گرمی میں اضافہ متوقع ہے۔