وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر سہیل آفریدی اسٹریٹ موومنٹ جیسی باتیں کریں گے تو بانی تحریک انصاف کی رمضان میں ملاقاتیں بھی بند ہو جائیں گی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک دن بھی جیل میں نہیں رہنا چاہتے وہاں ان کا دل نہیں لگ رہا، بانی پی ٹی آئی کی لیونگ کنڈیشن جیل میں اے ون ہے، علاج بھی بہترین ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پہیہ جام کی کال دی اس کے لیے ان کی کیا تیاری تھی؟ بانی پی ٹی آئی 8 فروری کو بھی اس یقین میں تھے کہ پورا ملک جام ہوجائے گا، یہ عید کے بعد تحریک کی بات کرتے ہیں اس سے کچھ بھی نہیں ہونے والا۔
رانا ثناء نے کہا کہ جس طرح کے انھوں نے دھرنے دیے اس سے بہتر تھا نہ دیتے، ایسے احتجاج اور دھرنوں سے شاید پی ٹی آئی کے ساتھ سازش ہورہی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف سازش ہو رہی ہے یا یہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ ڈی چوک کے بجائے سنگجانی چلے جائیں، آپ سے بات ہوگی، یہ سنجیدہ کوشش تھی، تحریک انصاف یا شاید بانی پی ٹی آئی نے انکار کیا، ان کو ایک طرف سے فیڈ کیا جا رہا تھا کہ بس انقلاب آنے کو تیار ہے، محسن نقوی ان کے ساتھ براہ راست گفتگو میں شامل تھے کہ ڈی چوک نہ جائیں، بانی پی ٹی آئی پہلے اس بات پر رضا مند ہوئے پھر اس بات سے پیچھے ہٹ گئے۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تب بھی بشریٰ بی بی فیصلے کرتی تھیں، ثبوت موجود ہیں اب بھی بشریٰ بی بی نے جو کہا وہی ہوا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملاقاتوں کو سیاست، گالم گلوچ کے لیے استعمال نہ کریں تو کون روکتا ہے؟
پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرعمیر نیازی نے کہا کہ پارٹی میں اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہو رہی۔ بانی تحریک انصاف نے واضح طور پر علامہ راجا ناصر عباس اور محمودخان اچکزئی کو مذاکرات یا احتجاج کرنے کا اختیار دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی نے کہا کہ مذاکرات کی قیمت ہوتی، نوازشریف سیاست سے باہر ہوئے ملک سے باہر گئے، بانی پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ اپنی ذات کے لیے فیور نہیں مانگ رہا، ان کے کیسز عدالتوں میں ہیں وہ کہتے ہیں کہ کیسز لگائیں، سسٹم چاہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سر جھکا لیں وہ یہ نہیں کرنا چاہتے۔
عمیر نیازی نے کہا کہ کسی سیاستدان نے جیل میں مسلسل اتنے دن نہیں گزارے جتنے بانی پی ٹی آئی نے گزارے، علیمہ خان کا پی ٹی آئی کی سیاست میں کوئی کردار نہیں، وہ اپنے بھائی کی رہائی کے لیے کھڑی ہیں۔