• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری ہے، زونل کمیٹیوں کے بھی اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں ہورہے ہیں۔

ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پانچ شہادتیں موصول ہوئی ہیں، شہادتیں اپر دیر سے موصول ہوئی ہیں۔

رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر ہے ہیں۔

اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران، ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہیں۔

ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان المبارک کل ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے، آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی۔ آج آنکھ سے چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند 5 بج کر 54 منٹ پر طلوع ہوگا اور 6 بج کر 52 منٹ تک دیکھا جا سکے گا، لاہور اور گرد و نواح میں بادلوں کے باعث چاند نظر آنے کا امکان کم ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں مطلع صاف رہنے کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب سمیت عرب اور خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔ 

سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کے اعلان کے بعد مکہ مکرمہ میں رمضان کی پہلی تراویح ادا کی گئی، اس دوران لاکھوں زائرین، نمازیوں کا روح پرور اجتماع دیکھنے کو ملا۔

قومی خبریں سے مزید