• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی بانی پی ٹی آئی سے نہ کوئی ڈیل ہوئی نہ ہوگی، رانا ثنا اللّٰہ

رانا ثناء اللّٰہ : فائل فوٹو
رانا ثناء اللّٰہ : فائل فوٹو 

وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور  رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی بانی پی ٹی آئی سے نہ کوئی ڈیل ہوئی نہ ہوگی۔

جیو نیوز کے  پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم نے تین بار آفر کی کہ آکر بات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے ڈیل کی آفر واضح اور اوپن ہے، آئیں اور میثاق استحکام پاکستان کریں، ہٹ دھرمی اور ضد کی جس درجے پر وہ فائز ہیں، وہ بات کرنے کو ہی تیار نہیں۔

رانا ثناء نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر معافی کی بات ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی واضح کہی تھی، سب سے پہلی بات یہ ہے کہ 9 مئی واقعات پر صدق دل سے معافی مانگیں، میرے بیان کے ایک فقرے کو نہیں پورے بیان کو دیکھیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شرط یہ ہے کہ وہ یہاں آئے جہاں ہم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بانی پی ٹی آئی سے نہ کوئی ڈیل ہوئی نہ ہوگی، 24 نومبر کو ایک بات ہوئی تھی لیکن اس پر بانی پی ٹی آئی رضامند نہیں ہوئے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ملاقاتوں کو ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کیلئے استعمال نہ کریں تو کوئی مسئلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ اچکزئی، راجہ ناصر عباس کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے یہ بے معنی بات ہے، اچکزئی سے کہا کہ آکر بات کریں تو کہا گیا کہ وہ پہلے وہاں سے اجازت لے کر ملاقات کریں گے۔  محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو کوئی اختیار نہیں دیا گیا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بہترین علاج ہو رہا ہے، ڈاکٹرز نے کہا تو شفا یا کسی بھی بہتر اسپتال میں علاج ہوسکتا ہے، اس سے پہلے بھی بانی پی ٹی آئی کے علاج میں کوئی تاخیر نہیں کی گئی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے جس فورس کا اعلان کیا ہے اس سے کیا اثر پڑے گا؟ یہ فورس دھرنے اور پہیہ جام سے بھی زیادہ ناکام ثابت ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید