ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے دن تاریخ کی بدترین مندی دیکھی گئی۔
پی ایس ایکس بینچ مارک 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 16089 پوائنٹس کی کمی کے بعد 1 لاکھ 51 ہزار 972 پر بند ہوا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکسمیں تاریخ کی بدترین گراوٹ دیکھی گئی۔
مارکیٹ کھلتے ہی فروخت کا شدید دباؤ دیکھا گیا اور انڈیکس 15121 پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد 1 لاکھ 52 ہزار 940 کی سطح پر آگیا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 9.42 فیصد گرنے پر کاروبار 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا تھا جو 10 بج کر 27 منٹ پر دوبارہ شروع کیا گیا۔
بازار میں آج 80 کروڑ شیئرز کے سودے 48 ارب روپے میں طے ہوئے، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 1745 ارب روپے کم ہوکر 17185 ارب روپے ہوگئی۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس1 لاکھ 51 ہزار 747 کی نچلی سطح تک بھی آیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 68 ہزار 62 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ادھر انٹر بینک میں ڈالر کا بھاؤ ایک پیسہ کم ہو کر 279 روپے 46 پیسے پر بند ہوا۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جنگ سے دنیا بھر کی اسٹاک ایکسچینجز میں بھونچال آ گیا، جاپان اسٹاک مارکیٹ 1.9 فیصد اور کورین اسٹاک مارکیٹ 2 فیصد تک گر گئی، جاپان کا نکئی انڈیکس 1 فیصد کم ہے، نکئی 225 انڈیکس 586 پوائنٹس کم ہو کر 58264 پر ہے۔
ادھر بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا سینسیکس967 پوائنٹس کم ہو کر 80320 ہے، نفٹی ففٹی 213 پوائنٹس کم ہو کر 24965 ہے۔