• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عازمین حج کیلئے خوشخبری، پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

عازمین حج کیلئے خوشخبری ہے، حج پروازوں کا شیڈول سامنے آگیا۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، سرکاری حج اسکیم کے تحت 468 پروازوں سے عازمین کو حجاز مقدس بھیجا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی، عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 1 لاکھ 19 ہزار عازمین کو بھیجا جائے گا، حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو 4  پروازوں کے ذریعے مدینہ روانہ کیا جائے گا۔ 

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق جدہ کیلئے 4 مئی سے حج پروازوں کا آغاز کیا جائے گا، پاکستان سے آخری حج پرواز21 مئی کو روانہ ہوگی۔ 

ذرائع کے مطابق عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا، حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، مدینہ منورہ کیلئے 186 اور جدہ کیلئے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی۔ 

ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے 18 ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے 5 حج پروازیں روانہ کی جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید