اللہ کے محبوب ترین بندے، آخری نبی، حضرت محمدﷺ کو تمام عالمین، دونوں جہانوں اور پوری انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ آپؐ کا نامِ نامی اسمِ گرامی تمام انبیاء اور مخلوقات میں سب سے بلند ہے اورآپؐ کی تعلیمات پرعمل، کام یابی کی عین ضمانت۔ آپؐ حُسنِ اخلاق کے اعلیٰ ترین درجے پر فائز تھے اور آپؐ کی پاکیزہ زندگی، سیرت اور تعلیمات قیامت تک کےلیے مشعلِ راہ ہیں۔
حضورِاکرمﷺ انسانِ کامل، عادل حُکم راں، مثالی معلّم، عظیم مصلح، بہترین خاندانی سربراہ اور رحمۃ للعالمین کی حیثیت سے پوری انسانیت کے لیے نمونۂ کامل ہے۔ یوں تو آپ ؐ کی حیاتِ طیبہ کا، جسے ’’سیرتِ نبوی ﷺ‘‘ کہا جاتا ہے، مطالعہ ہر دَور میں اہم رہا ہے، لیکن عصرِ حاضر میں اس کی اہمیت اور ضرورت دو چند ہوگئی ہے۔
عصرِحاضر کے فکری و اخلاقی چیلنجز: آج کا انسان سائنس، ٹیکنالوجی اور مادّی سہولتوں کے اعتبار سے تو بہت ترقّی یافتہ ہے، مگر باطنی طور پر فکری انتشار، اخلاقی ابتری، رُوحانی تشنگی اور اضطراب کا شکار ہے۔ عصرِحاضر میں مادّہ پرستی نے انسان کو بہت خُود غرض کر دیا ہے۔
وہ طاقت و اختیار ہی کو حق و باطل کا معیار سمجھنے لگا ہے، جب کہ رشتوں میں خلوص کی جگہ مفادات نے لے لی ہے۔ عدل، رحم دِلی، امانت داری اور سچّائی جیسی بنیادی اخلاقی اقدار رُوبۂ زوال ہیں۔ ایسے پُرآشوب دَور میں انسان کو ایک ایسے مکمل ضابطۂ حیات کی اشد ضرورت ہے کہ جو نہ صرف اس کی انفرادی زندگی سنوارے بلکہ معاشرے کو بھی عدل و توازن کے نظام پر استوار کرے اور اس ضمن میں مطالعۂ سیرتِ نبوی ﷺ ایک ناگزیر اَمر کی صُورت اختیار کرجاتا ہے۔
سیرتِ محمدی ﷺ، ایک کامل نظامِ حیات: سیرتِ محمدی ﷺ محض تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک زندہ و جاوداں، متحرک اور ہمہ گیر نظامِ زندگی کا دستور ہے۔ آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ میں عبادات، معیشت، سیاست، تعلیم و تربیت، جنگ و امن اور امورِ جہاں بانی سمیت زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی موجود ہے۔
یہی وجہ ہے کہ قرآنِ مجید نے آپ ﷺ کی سیرت کو ’’اُسوۂ حسنہ‘‘ یعنی بہترین نمونہ قرار دیا ہے۔ عصرِ حاضر میں جہاں انسان مختلف نظریات اور اِزمز (isems) کے درمیان الجھا ہوا ہے، ایسے میں سیرتِ نبوی ﷺ ایک ایسا متوازن راستہ پیش کرتی ہے کہ جو اِسے انتہا پسندی اور اباحیت دونوں سے محفوظ رکھتی ہے۔
فرد کی اصلاح میں مطالعۂ سیرت کا کردار: مطالعۂ سیرت انسان کے باطن کو جگاتا اور اس کے اخلاق سنوارتا ہے۔ حضور ﷺ کی سچّائی، دیانت، حِلم، بُردباری، تواضع اور صبر جیسی صفاتِ عالیہ انسان کو عملی اخلاقیات کا درس دیتی ہیں۔
بدقسمتی سے آج جُھوٹ، فریب اور منافقت کو ہوش یاری اور ذہانت کی علامت سمجھا جاتا ہے، جب کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمیں بتلاتی ہے کہ انسان کی اصل کام یابی کردار کی پاکیزگی میں پوشیدہ ہے۔ موجودہ نوجوان نسل، جو اس وقت فکری انتشار اور شناخت کے بُحران کا شکار ہے، اگر سیرتِ رسول ﷺ کو اپنا رہنما بنا لے، تو اسے اپنے زندگی کا واضح مقصد اور دُرست سمت مل سکتی ہے۔
خاندانی نظام: عصرِ حاضر میں خاندانی نظام شدید بُحران کا شکار ہے۔ والدین، اولاد کے درمیان بڑھتے فاصلے اور ازدواجی زندگیوں میں عدم توازن ایک سنگین مسئلہ بن چُکا ہے۔ اگر ہم ان تمام مسائل سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو اس ضمن میں نبیٔ کریم ﷺ کی خانگی زندگی بہترین نمونہ ہے۔
سیرتِ نبویﷺ کے مطالعے سے پتا چلتا ہےکہ آپ ﷺ ایک شفیق شوہر، مہربان باپ اور بہترین خاندانی سربراہ تھے اور تعلیماتِ نبویؐ ہمیں یہ بتاتی ہیں کہ ایک گھرانہ محبّت، مشاورت، برداشت اوراحساسِ ذمّےداری ہی سے قائم رہتا ہے، نہ کہ جبر اور خُود غرضی سے۔ اگر آج کے معاشرے میں سیرتِ نبوی ﷺ کو خاندانی زندگی کا معیاربنا لیا جائے، تو ہمارے بےشمار سماجی مسائل خُود بخود حل ہوسکتے ہیں۔
معاشرتی عدل اور سیرت کی رہنمائی: آج دُنیا بھر میں ظلم، ناانصافی اور طبقاتی تفاوت عام ہے۔ طاقت وَر، کم زور کو کُچل رہا ہے اور قانون مفادات کے تابع ہوچُکا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے جس معاشرے کی تشکیل کی، اس کی بنیاد عدل، مساوات اور احترامِ انسانیت پر مبنی تھی۔
آپ ﷺ کے نزدیک عربی و عجمی، امیر و غریب اور کالے وگورے میں کوئی فرق نہ تھا۔ لہٰذا، مطالعۂ سیرت ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک صحت مند معاشرہ وہی ہے، جہاں ہر فرد کو انصاف، عزّت اور بنیادی حقوق حاصل ہوں۔ موجودہ دَور کے عالمی مسائل، خواہ وہ انسانی حقوق کا معاملہ ہو یا سماجی انصاف کا، سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں بہتر طور پر حل کیے جا سکتے ہیں۔
قیادت اور حُکم رانی: عہدِ جدید میں قیادت کا بُحران ایک عالمی مسئلہ ہے۔ آج اقتدار خدمت کی بجائے تسلّط کا ذریعہ بن چُکا ہے، جب کہ نبی کریم ﷺ کی صفتِ قیادت خدمت، دیانت اور جواب دہی کی بہترین مثال ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آپ ﷺ نے ریاستِ مدینہ کی بنیاد مشاورت، قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح و بہبود پر رکھی۔ مطالعۂ سیرت ہمیں یہ شعور دیتا ہے کہ حقیقی حُکم ران وہ ہے، جو خُود کو عوام کاخادم سمجھے۔ موجودہ حُکم راں اگر سیرتِ نبوی ﷺ سے رہنمائی لیں، تو دُنیا سے بدعنوانی، ظلم اور استحصال کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔
بین المذاہب ہم آہنگی اورعالمی امن: عصرِ حاضر میں مذہبی انتہا پسندی اور تہذیبی تصادم ایک سنگین خطرہ بن چُکا ہے، جب کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمیں رواداری، برداشت اور مکالمے کا درس دیتی ہے۔ میثاقِ مدینہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ کس طرح مختلف مذاہب اور قومیتوں کو ایک ریاست میں امن واحترام کے ساتھ رہنے کا موقع دیا گیا۔ مطالعۂ سیرت سے یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ اسلام تلوار کی بجائے اخلاق، دلیل اور حُسنِ سلوک کے ذریعے دِلوں کو فتح کرتا ہے۔
تعلیم و تربیت: نبی کریم ﷺ سب سے بڑے معلّم اور مربّی تھے۔ آپ ﷺ نے تعلیم کو محض معلومات کی منتقلی نہیں بلکہ کردار سازی کا ذریعہ بنایا۔ آج کا تعلیمی نظام گرچہ جدید علوم سے آراستہ ہے، مگر اخلاقی تربیت سے عاری ہے اور مطالعۂ سیرتﷺ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ علم وہی مفید ہے، جو آدمی کو بہترانسان بنائے۔ اگر آج کی تعلیم میں سیرتِ نبوی ﷺ کو مرکزی حیثیت دی جائے، تو ایک متوازن، بااخلاق اور ذمّےدار نسل تیار کی جا سکتی ہے۔
قصّہ مختصر، عصرِحاضر میں مطالعۂ سیرتِ نبوی ﷺ کوئی اختیاری مشغلہ نہیں، ایک فکری، اخلاقی اور سماجی ضرورت ہے۔ یہ ہمیں اندھیروں میں روشنی، انتشار میں وحدت اور بےسمتی میں واضح راستہ دکھاتی ہے۔ سیرتِ رسول ﷺ انسانیت کے لیے ایک ایسا آفاقی پیغام ہے کہ جو اپنے اندر ہر دَور کے مسائل کا حل سموئے ہوئے ہے۔
تاہم، ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہم سیرتِ نبویﷺ کو محض کتابوں تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اِسے اپنی عملی زندگیوں کا حصّہ بنائیں۔ جب فرد، معاشرہ اور ریاست سیرتِ نبوی ﷺ کے سانچے میں ڈھل جائیں گے، تو دُنیا امن، عدل اور فلاح کا گہوارہ بن جائے گی۔