وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم ذخائز کا یومیہ جائزہ اجلاس ہوا، حکومتی کمیٹی نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں۔
اس موقع پر وزارت خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم سپلائی چین معمول کے مطابق کام کررہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کے متعدد کارگو راستے میں ہیں۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی حالات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ہے، حکومت عالمی تیل کی قیمتوں اور مارکیٹ صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی برقرار رکھنے کے انتظامات مکمل ہیں، خام تیل کی درآمدات، ریفائنری آپریشنز اور شپنگ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملکی سطح پر ایندھن کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایندھن کی بچت اور مؤثر استعمال کےلیے مختلف اقدامات زیر غور ہیں۔
اعلامیے کے مطابق حکومت توانائی کے شعبے کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہی ہے، وفاق اورصوبوں کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی پرقریبی رابطہ ہے۔
اجلاس میں پیٹرول پمپس پر نگرانی اور معائنوں کے نظام کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ذخائر اور سپلائی کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کےلیے ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق عالمی مارکیٹ میں غیریقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی سپلائی پوزیشن مستحکم ہے، حکومت عالمی توانائی مارکیٹ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا کہ بروقت اقدامات سے ملک میں ایندھن کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا، پیٹرولیم ذخائر اور سپلائی کی نگرانی کےلیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا جارہا ہے۔