• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکھ کر تِری تعریف میں اشعار کسی دن

کر دوں گا جہاں میں تجھے شہ کار کسی دن

اپنانے کی خاطر تِرا دربار کسی دن

آجاؤں گا مَیں چھوڑ کے گھر بار کسی دن

اے کیفِ تغزّل تِرے جادو سے مجھے بھی

ہو جائے گا عشقِ لب و رخسار کسی دن

کیا ہوگا ترا اِتنا بتا اُس کے پرستار

بن بیٹھا یہی پھول اگر خار کسی دن

اب دردِ مسلسل سے مجھے لگنے لگا ہے

لے لے گا مِری جان، یہ آزار کسی دن

تُو سامنے سج دھج کے یونہی آتی رہی جو

ہو جاؤں گا مَیں تیرا گنہگار کسی دن

مَیں بھی کہوں خواہش ہے نرالی سی غزل اِک

ہو جا تو مرا زینتِ افکار کسی دن

ہر قیدِ زمانہ سے بچا لینے کی خاطر

کر لے مجھے زلفوں میں گرفتار کسی دن

پھر تجھ کو منانے کی تمنّا اُٹھی دل میں

پھر مجھ سے تُو ہو جا ذرا بے زار کسی دن

میری ہی طرح عشق کے جذبات کا تم بھی

اے جانِ تمنا کرو اظہار کسی دن

ذکی طارق بارہ بنکوی

سعادت گنج، بارہ بنکی، اترپردیش، بھارت

سنڈے میگزین سے مزید