چین نے ایران جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لیے چین، پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے اور ان کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں چین، جنگ بندی اور امن کے لیے متحرک پاکستان اور ديگر ملکوں کے ساتھ رابطے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کل چین کا اہم دورہ کریں گے۔
اسحاق ڈار کا یہ دورہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان ہر طرح کے حالات میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری قائم ہے جس میں علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ اور باقاعدہ مشاورت شامل ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسی تناظر میں یہ دورہ دونوں ممالک کو علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔