• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جام جم: میں افسانوی ایرانی بادشاہ جمشید کا وہ پیالہ ہوں جس میں ساری دنیا کے حالات وواقعات بھی نظر آتے ہیں اور آنیوالے شب وروز کی جھلکیاں بھی ملتی ہیں، اسی لئے تو فارسی اور اردو شاعر میرا تذکرہ کرتے رہے ہیں ۔غالبؔ اور اقبال ؔنے میری اصطلاح کو اپنے اپنے طریقے سے استعمال کیا۔ غالبؔ نے کہا’’جامِ جم کا ہے بہانہ، کر نہ دیکھوں اس کو‘‘۔ شاعر توجام جم سے دنیا دیکھتے رہے، دکھاتے رہے مگر ایران نے کئی دہائیوں سے جام جم کو استعمال کرنا بند کردیا ہے۔ دنیا کے حالات کے برخلاف اپنی کٹیا میں مگن ہے مجھے ایران کا یہ روپ اچھا نہیں لگ رہا۔

جام سفال:۔ میں اقبال لاہوری کا مٹی کا پیالہ ہوں مجھے دنیا کی چکا چوند سے کیا غرض۔مجھے اپنے مذہب، ثقافت، تاریخ اور اپنے نظام پر فخر ہے دنیا کی واحد سپر طاقت امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل بھی ہمارے سامنے سر جھکانے پر مجبور ہوگئی ہے۔ ہمارا عزم، ہمارا ایمان اتنا مضبوط ہے کہ کوئی ہم سے مقابلہ کرہی نہیں سکتا۔

جام جم:۔اپنی تہذیب وثقافت پر فخر اچھا ہےمگر دنیا آرمیٹس خلائی مشن کے ذریعے ’’ستاروں پرکمند‘‘ ڈال رہی ہے، زمین سورج اور چاند کے نئے نئے زوایے ڈھونڈ رہی ہے اور آپ علم سائنس اور ٹیکنالوجی سے دور اندھیروں کی بات کررہے ہو۔ پاکستان نے پہلے بھی ایران کیلئے جنگ بندی کا اہتمام کیا تھا ۔اب بھی سعودی عرب، ترکیہ،مصر اور پاکستان نے اسلام آباد ڈرافٹ کے ذریعے اسے ایک بہت بڑی تباہی سے بچا لیا ہے، آپ کس دنیا میں ہیں اورکس دور کی باتیں کررہے ہیں؟ امریکی آپ کی سرزمین سے پائلٹ اٹھاکر لے گئے آپ کچھ نہ کرسکے۔ آپ کا ہر بڑا لیڈر جوظاہر ہوتا ہے وہ شہید کردیاجاتا ہے آپ کسی ایک کو بچا نہ سکے ایران میں جوتباہی ہوئی ہےبرسوں تک اس کا مداوانہ ہوسکے گا۔ آپ ترکیہ، پاکستان، مصراور سعودی عرب کو دیکھیں وہ دنیا میں کیسے چل رہے ہیں آپ کیوں افغانستان اور طالبان کی راہ پر محوسفر تھے؟

جام سفال:۔ یہ مغربی تہذیب ،یہ امریکی واسرائیلی حملے دراصل اسلام اور اسلامی وایرانی تہذیب مٹانے کیلئے ہیں اسرائیل کی آنکھ میں ہر طاقتور اسلامی ملک کھٹکتا ہے چاہے وہ عراق ہو یا شام ، لیبیا ہو یا لبنان، غزہ ہو یا پھر ایران۔ اگر مزاحمت نہ ہو، اسی کی زبان میں جواب نہ دیاجائے تو ہم مٹ جائیں گے۔ ہم نے امریکی ٹیکنالوجی کو ناکام کردیاانکے35ا یف جیسے جدید جہاز ناکارہ ہوگئے، انکے فوجی اڈے تباہ ہوگئے ہم نے آبنائے ہرمر بند کر ثابت کردیا کہ ٹرمپ اور امریکہ کوبے بس کیا جاسکتا ہے اب بھی امریکہ جھکا ہے ہم نہیں جھکے۔

جام جم:۔ میں افسانوی بادشاہ جمشید کا خیالی پیالہ ضرور ہوں مگر زمانہ شناس ہوںآپ نہ صرف خود ڈوبے ہیں بلکہ لبنان، غزہ ،شام ، عراق، اور لیبیا کو بھی ڈبو دیا ہے۔ آپ کی تباہی نے اسرائیل کو مضبوط کیا ہے اور سرائیل مخالف محاذ کو کمزور کرکے رکھ دیا ہے،آپ نے اس جنگ میں خواہ مخواہ سعودی عرب، ابو ظہبی،قطر اور کویت سمیت سب ہمسایہ اسلامی ممالک کو نشانہ بنایا، یہ کونسی دانش مندی تھی۔ پھربھی چار اسلامی ممالک ہی آپ کے کام آئے اور آپ کو مشکل سے نکالا ۔جام سفال:۔ جن ملکوں پر میزائل یا ڈرون حملے ہوئے یہ سب امریکہ اور اسرائیل کے ساتھی ہیں سب نے امریکی اڈوں کو جگہ دی ہوئی ہے، ہم پر حملے انہی امریکی اڈوں سے ہورہے ہیں کیا ان کا جواب نہ دیتے؟ کیا دشمن کے گھر تک نہ پہنچتے؟ آپ دیکھئے گا اب کوئی عرب ملک امریکی اڈوں کو بخوشی قائم نہیں رکھے گاہماری لڑائی سوچی سمجھی اور اسٹرٹیجک تھی۔ ہم یہ لڑائی جیت چکے۔

جام جم:۔ نہ آپ سائنس سے واقف، نہ آپ نے تدبیر کا استعمال کیا۔ اسلامی ممالک سے خوامخواہ کی جنگ چھیڑنا سراسر حماقت تھی ۔ آپ صرف اسرائیل کو نشانہ بناتے توان اسلامی ممالک کی درپردہ تائید توحاصل ہوتی۔ سعودی عرب کے پیٹرولیم منصوبوں کو نشانہ بنانا اسلامی ممالک میں جنگ چھیڑنے کے مترادف تھا یہ تو پاکستانی فیلڈ مارشل ، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی خاموش اور مخلصانہ کوششیں ہیں کہ جنگ بندی ہوگئی،آبنائے ہرمز کھل گئی وگرنہ بمباری ہوتی توپورے ایران کی بجلی ختم ہوتی اور اندھیرا چھا جاتا ،سارے پل ٹوٹ جاتے تو ملک میں ذرائع نقل وحمل ختم ہوجاتے عقل جیتی ہے اورجوش ہارا ہے۔

جام سفال:۔ اے جام جم۔ اپنی عقل اور تدبیر اپنے پاس رکھوہم نے یہ جنگ ایمانی جذبہ اور حب الوطنی کے جوش سے جیتی ہے، ہم نے ثابت کردیا ہے کہ ایک طاقتور ترین اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس سپر پاور کوبھی قومی اتحاد اور بلندنگاہ قیادت کے ذریعے شکست دی جاسکتی ہے۔

جام جم:۔ آپ روحانی اور اخلاقی فتح کا دعویٰ توکرسکتے ہیں مگر مادی طور پر توآپ کو شکست ہوئی آپ کی ساری لیڈر شپ پہلے ہی دن شہیدہوگئی ،آپ کا ایک جہاز تک نہ اڑ سکا ۔آپ کی بحریہ ختم ہو گئی ۔ آپ کے ملک میں انار کی ہے ہر کمانڈر اپنی مرضی سے میزائل اور ڈرون برسارہا ہے آپ پورے خلیج میں یک وتنہا ہیں آپ کے سارےاتحادی شکست کھاگئے اور پڑوسی اسلامی ممالک میں تباہی پھیلا کر ان کو بھی اپنے خلاف کرلیا! آپ نے خودکشی کی کوشش کی ہے آدھا جسم معاہدہ اسلام آباد نے بچالیا ہے۔ اب بھارت سے پینگیں نہ بڑھائیے گا، نہ خفیہ طور پر اسے تیل بیچئے گا اور نہ ہی اسے اپنی بندرگاہوں میں شریک کار بنایئے گا ،نہ بی ایل اے کے ہرکاروں کو اپنی سرزمین پر پناہ گاہیں بنانے دیجئے گا اب اپنے محسن پاکستان کا خیال رکھیے گا۔

جام سفال:۔ پاکستان کے مثبت کردار سے کسی کو انکار نہیں مگر ہم نے سرنڈر نہیں کیا، ہم جھکے نہیں، ہم جیتے ہیں، ٹرمپ کو جھکنا پڑا ہے امریکہ کو شکست ہوئی ہے وہRegimeکوبدلنا چاہتا تھا وہ اس میں بری طرح ناکام ہوا۔ ایران فتح یاب ہوا، اسرائیل اور امریکہ کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔

جام جم:۔آپ مانیں یا نہ مانیں۔ امریکہ اور اسرائیل نے سخت گیر لیڈرشپ کو اڑا دیا اور آئندہ بھی اڑاتا رہے گا، اب مذہبی لیڈر شپ پس پردہ ہے اور سیاسی لیڈر شپ آگے ہے Regimeتبدیل ہوچکا جنگ بندی پر آمادگی یہ ظاہر کرتی ہے اب سخت گیر فیصلے نہیں دانش کا عمل دخل شروع ہوچکا اور جوش وجنون پچھلے کواڑوں میں بند ہورہا ہے۔ ایران نے نئی انگڑائی لی ہے اور یہ مثبت انگڑائی ہے۔

جام سفال:۔ ہماری جنگ، اسلام کی جنگ تھی۔ اسرائیل کے خلاف مزاحمت تھی ہم امریکی عزائم کو رد کرتے ہیں ہم اسی جگہ کھڑے ہیں جہاں سے ابتدا کی تھی ہم ایک انچ بھی اپنے موقف سے نہیں ہٹے۔ ٹرمپ امریکہ اور نتین یاہو کو ہم نے مجبور کردیا کہ وہ جنگ بندی کی درخواستیں کریں ۔

جام جم:۔ نہ آپ جیتے ہیں نہ امریکہ یا اسرائیل جیتا ہے۔ جیتا ہے توامن، جیتی ہے تو انسانیت ۔ہاری ہے تو جنونیت، جنگی بخار اور تباہی۔ آئیے اب سب مل کرامن کی طرف بڑھیں اور پاکستان کے جذبہ کو سلام پیش کریں۔

تازہ ترین