• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای یو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 30 سے ​​زائد نئی اسرائیلی بستیوں کے قیام کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے دیا

برسلز: یورپین یونین نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں 30 سے ​​زائد نئی بستیاں قائم کرنے کا حالیہ اسرائیلی فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے۔ اس سے امن اور دو ریاستی حل کے امکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ای یو خارجہ امور کے ترجمان کے مطابق یورپی یونین مشرقی یروشلم سمیت مغربی کنارے میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے لیے اسرائیل کے یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، جسے بین الاقوامی عدالت انصاف کی 19 جولائی 2024 کی مشاورتی رائے نے غیر قانونی قرار دیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین خارجہ امور اسرائیل پر زور دیتا ہے کہ وہ ان فیصلوں کو واپس لے، بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے اور فلسطینی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی شہریوں کے خلاف آباد کاروں کے مسلسل اور بڑھتے ہوئے تشدد کی یکساں مذمت کرتے ہیں۔ یورپی یونین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل پر مبنی جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے جہاں دو جمہوری ریاستیں، اسرائیل اور فلسطین، محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر امن کے ساتھ شانہ بشانہ رہتے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید