پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نے امریکا میں موجود اپنی جائیداد کے بارے میں غیر متوقع تفصیلات بتا کر مداحوں کو حیران کر دیا۔
زین ملک نے اپنے نئے البم ’KONNAKOL‘ کی تشہیر کے لیے آڈیو اسٹریمنگ سروس ’اسپاٹی فائے‘ کو انٹرویو دیا ہے۔
اس انٹرویو کے دوران ان سے سوال پوچھا گیا کہ آپ نے اپنے اس البم کی ریکارڈنگ کہاں پر کی ہے؟
برطانوی گلوکار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اسے اپنے ہی خوبصورت اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا ہے، جو میرے گھر سے صرف 15 منٹ کے فاصلے پر موجود ہے، تاکہ میں جب بھی گھر جانا چاہوں تو آرام سے جا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ ماحول مجھے پرسکون رہنے اور اپنی توجہ موسیقی تخلیق کرنے پر مرکوز رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
زین ملک کا یہ انٹرویو کچھ ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور صارفین گلوکار کی جائیداد کے بارے میں جان کر ناصرف دنگ رہ گئے بلکہ مزید تفصیلات جاننے کے لیے تجسس میں مبتلا بھی نظر آ رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی گلوکار نے شہری زندگی سے دوری اختیار کر لی ہے اور اب امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک فارم ہاؤس میں رہائش پزیر ہیں۔
ان کے حالیہ انٹرویو سے یہ پتہ چلتا ہے کہ زین ملک پنسلوانیا میں اچھی خاصی جائیداد کے مالک ہیں، یہاں تک کہ ان کے پاس اپنے گھر کے قریب ہی ذاتی ریکارڈنگ اسٹوڈیو بھی موجود ہے۔