بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا کے بارے میں یہ افواہیں زیرگردش ہیں کہ انہوں نے اپنی گرل فرینڈ اور اداکارہ و ماڈل مہیکا شرما سے خاموشی سے شادی کر لی ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تازہ تصاویر نے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی ہے۔ یہ افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب ایک تصویر سامنے آئی جس میں پانڈیا اور مہیکا شرما ایک معمر خاتون کے ساتھ پوز دیتے ہوئے نظر آئے۔
اس تصویرکو سوشل میڈیا صارفین نےجب بغور دیکھا تو انھیں مہیکا شرما کی مانگ میں سندور لگا نظر آیا۔ دوسری جانب معمر خاتون دونوں کے ہاتھ تھامے ہوئے تھیں، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید دونوں کی یہ تصویر ان کی شادی کی نجی تقریب کے بعد لی گئی ہے۔
اگرچہ اس جوڑے کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم مہیکا اور ہاردیک پانڈیا کی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ کچھ عرصہ ڈیٹنگ کے بعد دونوں نے اب اپنے رشتے کو اگلے مرحلے میں لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ہاردیک پانڈیا نے اپنی سابقہ سربین نژاد اہلیہ نتاشا اسٹینکووچ سے علحیدگی کے دو برس بعد مہیکا کے ساتھ اپنے تعلق کی تصدیق کی تھی تو انھوں نے اس موقع پر مہیکا شرما کو اپنی زندگی میں نئی ساتھی کے طور پر متعارف کروایا تھا۔
10 اکتوبر 2025 کو پانڈیا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ مہیکا کے ساتھ ساحلِ سمندر پر موجود تھے۔ دونوں سمندر کے پُرسکون کنارے پر خوش اور مطمئن نظر آ رہے تھے۔ اس تصویر نے فوراً مداحوں کی توجہ حاصل کر لی اور سوشل میڈیا پر ان کے نئے تعلق کے بارے میں کافی چہ مگوئیاں ہوئی تھیں۔
آسام سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ مہیکا شرما پانڈیا سے سات برس چھوٹی ہیں اور بھارتی فیشن سرکٹ میں ایک معروف چہرہ ہیں۔ وہ نہ صرف بڑے میگزینز کے سرورق کی زینت بنتی ہیں بلکہ انڈین فیشن ایوارڈز میں ماڈل آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔