شاعر: اقبال خاور
صفحات: 201، قیمت: 1800روپے
ناشر: نیا آدمی، بی، 253، بلاک جے، نارتھ ناظم آباد، کراچی۔
فون نمبر: 9224890 - 0300
80ء کی دہائی کے بعد جو شعراء پوری آب و تاب کے ساتھ منظرِعام پر آئے، اُن میں ایک نام اقبال خاور کا بھی ہے۔ وہ اب کراچی کے ادبی منظرنامے پر ایک ستارے کی مانند جگمگا رہے ہیں۔ اقبال خاور کا پہلا مجموعۂ کلام ’’جو حرف لکھا تجھے یاد کیا‘ 2003ء میں شائع ہوا، جب کہ دوسرا شعری مجموعہ’’رنگ بدل رہے ہیں خواب‘‘ 2009ء میں منظرِعام پر آیا، ہمارے پیش نظر اُن کا تیسرا شعری مجموعہ ہے، جس میں اُن کی 92غزلیں شامل ہیں۔
اقبال خاور کی شاعری سے متعلق افتخار عارف، ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی اور پروفیسر شاہدہ حسن کی آرا سند کا درجہ رکھتی ہیں، جب کہ کتاب میں جاوید صبا، ڈاکٹر رخسانہ صبا، آفتاب مضطر اور کامران نفیس کے مضامین بھی شامل ہیں۔ شاعر نے کتاب کا انتساب اردو کے نمائندہ شاعر، اجمل سراج کے نام کرکے حقِ دوستی نبھایا ہے۔
اقبال خاور کی شاعری میں روحانی طرزِ احساس کے ساتھ مزاحمتی اندازِ فکر بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ مشاعروں میں اُن کا کلام نہایت توجّہ سے سنا جاتا ہے۔ بقول افتخار عارف’’اقبال خاور خوش نصیب ہیں کہ اُن کے کلام کی نام وَر سخن وَروں نے داد دی، عصری ادبی فضا میں ایک اچھی کتاب کو خوش آمدید کہنا لازم آتا ہے۔‘‘ اِس رائے کے بعد ایک جملہ بھی ادا کرنا’’سوئے ادب‘‘ ہے۔