• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: عابد رشید

صفحات: 224، ہدیہ: 1500روپے

ناشر: ماورا، لاہور۔

زیرِ اہتمام: سخنور، شکاگو پبلی کیشنز، امریکا۔

عابد رشید کا شمار پاکستان کے اُن قلم کاروں میں ہوتا ہے، جو امریکا میں بھی اردو زبان و ادب کی ترویج و ترقّی کو اپنی زندگی کا مشن بنائے ہوئے ہیں۔ وہ عرصۂ دراز سے شکاگو میں قیام پذیر ہیں۔ عابد رشید بنیادی طور پر غزل اور نظم کے شاعر ہیں، اِس حوالے سے اُن کا ایک مجموعہ’’دھنک‘‘ کے نام سے شائع ہوا، لیکن اب اُن کا رجحان تقدیسی شاعری کی طرف ہوگیا ہے۔

جب بھی کراچی آتے ہیں، ایک نعتیہ مجموعہ چُھپوا کر لے جاتے ہیں۔’’بعد از خدا‘‘ اور’’خیرالانام‘‘ کے بعد آنے والا اُن کا تیسرا نعتیہ مجموعہ ہمارے سامنے ہے، جس میں حمدیں اور مناقب بھی شامل ہیں۔ کتاب کا پیش لفظ عابد رشید نے خود لکھا ہے، جب کہ اِس کتاب پر ڈاکٹر ریاض مجید، افتخار عارف، ڈاکٹر توفیق احمد انصاری، نسیم سحر اور ڈاکٹر منیر الزماں منیر نے بھی اپنی آرا کا اظہار کیا ہے۔ 

عابد رشید نے نعت کو جزوِ زندگی بنالیا ہے، اُن کی نعتوں میں جذبوں کی فراوانی بھی ہے اور عشق کی سرمستی بھی۔ اُنہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے کچھ گوشے بھی اپنی نعتوں کا حصّہ بنائے اور قرآنِ مجید کی آیات سے بھی استفادہ کیا۔ زبان و بیان کا بھی بطورِ خاص خیال رکھا گیا ہے، جب کہ احتیاط کے تقاضے بھی پورے کیے گئے ہیں۔ بہرحال، اب نعت نگاری عابد رشید کی شناخت بن گئی ہے۔