مصنّف: ڈاکٹر انوار احمد بگوی
صفحات: 256، قیمت: درج نہیں
ناشر: قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر:0515101 - 0300
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف، ڈاکٹر انوار احمد بگوی ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ طبیب بھی ہیں، محقّق بھی اور مصنّف بھی۔ بقول ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،’’ ان کا تعلق ایک ایسے خانوادے سے ہے کہ جس کی دینی اور علمی خدمات برسوں پر نہیں، صدیوں پر محیط ہیں۔‘‘ اردو ادب میں سفرناموں کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ قدیم سفرنامہ نگاروں سے لے کر مستنصر حسین تارڑ تک، سفر ناموں کی ایک تاریخ ہے، جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
زیرِ نظر کتاب مختلف ممالک، شہروں اور روحانی مقامات کے اسفار کی رواد پر مشتمل ہے، جن میں مکّۃ المکرّمہ، مدینۃ المنورہ، استنبول، ازبکستان، سری لنکا اور سمرقند و بخارا جیسے مقامات شامل ہیں۔
اُنہوں نے امیر تیمور، امام بخاریؒ اور خواجہ نقشبندؒ جیسی تاریخی و روحانی شخصیات کے مزارات کی زیارت کے دوران جو مشاہدات قلم بند کیے ہیں، وہ نہایت گہرے، تحقیقی اور بصیرت افروز ہیں۔ علّامہ عبدالستار عاصم نے تحریر کیا ہے کہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی کا اسلوب سادہ، مگر دل میں اُتر جانے والا ہے۔ بلاشبہ، یہ کتاب اُردو سفرنامہ نگاری میں ایک اہم اضافہ ہے۔