مصنّف: محمّد عرفان
صفحات: 184، قیمت: 1000روپے
ناشر: حسنِ ادب پبلشرز، فیصل آباد۔
فون نمبر: 7044014 - 0321
زیرِ نظر کتاب اُس تحقیقی مقالے پر مشتمل ہے، جو’’برائے ایم فِل اردو‘‘ منہاج یونی ورسٹی، لاہور کے طالبِ علم، محمّد عرفان نے ڈاکٹر ریاض قدیر کی نگرانی میں مکمل کیا۔ اس میں سیّد ناصر ہاشمی کی شاعری کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
اِس مقالے کے لیے جو عنوانات قائم کیے گئے، وہ ملاحظہ فرمائیں۔ سیّد ناصر ہاشمی: سوانح اور شخصیت، سیّد ناصر ہاشمی کی شاعری کا فکری جائزہ، سیّد ناصر ہاشمی کی شاعری کا فنی جائزہ، سیّد ناصر ہاشمی کی پنجابی شاعری کا فکری و فنی جائزہ۔
سیّد ناصر ہاشمی کا بنیادی حوالہ شاعری ہے، لیکن نثر بھی لکھتے ہیں۔ مطالعے کا شوق جنوں کی حد تک ہے، پنجاب کی کوئی لائبریری ایسی نہیں، جس کا اُنہوں نے وِزٹ نہ کیا ہو، اُنہیں بڑے شاعروں کے لاتعداد شعر یاد ہیں، جب کہ عروض کی پیچیدگیوں میں اُلجھے بغیر باکمال شاعری کرتے ہیں۔
وہ خاندانی رئیس ہیں، لیکن قلندرانہ مزاج رکھتے ہیں۔ سیّد ناصر ہاشمی سے متعلق رانا محمّد شاہد نے جو مضمون لکھا ہے، ہماری نگاہ میں وہ ’’خاکہ‘‘ ہے، نہایت دل چسپ اور معنی خیز۔ چند سطور دیکھیے۔’’ہاشمی صاحب اپنی پہلی کتاب کی اشاعت پر بہت خوش تھے، اُنہی دنوں نئی گاڑی بھی خریدی تھی۔
اسلم کولسری نے اُن سے پوچھا کہ’’ کتاب کی اشاعت کی زیادہ خوشی ہے یا گاڑی کی؟‘‘ تو برملا کہا،’’ ظاہر ہے، کتاب کی خوشی، گاڑی سے کہیں زیادہ ہے۔‘‘ اِس کتاب میں ڈاکٹر جاوید حیدر جوئیہ کا بھی ایک مضمون شامل ہے۔