مصنّف: پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید
صفحات: 130، قیمت: 1000روپے
ناشر: عالمی روحانی کاؤنسل، رومانیہ.
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ ایک ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے اُن کی نمایاں شناخت ہے، جب کہ مذہبی اسکالر، روحانی پیشوا اور محقّق بھی ہیں۔ مارچ 2006ء میں اُن کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے اُنہیں’’ستارۂ امتیاز‘‘ سے نوازا۔
یہ کتاب اُن کی 40ویں کاوش ہے، جو دراصل یورپ کا سفرنامہ ہے، جس میں بین العقائد ہم آہنگی، برداشت، محبّت اور امن کی ترغیب دی گئی ہے۔ ان کی ہر کتاب فکری، علمی اور تہذیبی اقدار کی آئینہ دار ہے۔
جب کوئی ادیب، یورپ کا سفر کرتا ہے، تو وہاں کی رنگ رلیوں کو بھی اپنی تحریر کا حصّہ بنانا ضروری سمجھتا ہے، لیکن ڈاکٹر صاحب نے وہاں بھی اپنی خُو نہ چھوڑی اور خرابیوں میں سے اچھائیاں تلاش کیں۔ یہ اندازِ فکر رکھنے والے لوگ اب خال خال ہی رہ گئے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالرشید کی کتاب’’الہادی‘‘ نہ صرف ہندکو زبان میں سیرت کی پہلی کتاب ہے، بلکہ ہندکو زبان کی بھی پہلی کتاب ہے۔’’تصوّف اور صوفیائے سرحد‘‘ اُن کی عہدساز کتاب ہے۔ اب تک اِن کے ایک سو سے زائد تحقیقی مقالات شائع ہوچُکے ہیں، جب کہ ان کی نگرانی میں45 اسکالرز پی ایچ ڈی کی سند حاصل کرچُکے ہیں۔