مصنّف: رانا محمّد شاہد
صفحات: 160، قیمت: 1000روپے
ناشر: حسنِ ادب پبلشرز، فیصل آباد۔
فون نمبر: 7044014 - 0321
رانا محمّد شاہد نے بڑے ادیبوں کی طرح بچّوں کے ادب کو بنیادی حوالہ بنایا اور اب اُن کے اندر کا پودا ایک تناور درخت بن گیا ہے، جس کی شاخوں پر ہر رنگ کے پھول کِھلتے ہیں۔ وہ ادیب بھی ہیں اور کالم نگار بھی۔ اُن کی زیرِ نظر کتاب میں 25مضامین شامل ہیں، جو اس سے پہلے مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہوچُکے ہیں۔ ان کی کتاب کے موضوعات اسلامی اندازِ فکر اور حب الوطنی کا استعارہ ہیں۔
رانا محمّد شاہد کا تعلق بورے والا سے ہے۔ اُن کی مادری زبان خواہ کوئی بھی ہو، مگر سینئیر کالم نگار، اختر سردار چوہدری نے اُنہیں ’’اردو ادب کا عاشق‘‘ قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے اردو کی علامات اور استعارے جس طرح برتے ہیں، اس سے اُن کی اردو سے محبّت کا اندازہ ہوتا ہے۔
عبداللہ نظامی، رانا محمّد شاہد سے متعلق رقم طراز ہیں کہ ان کے مضامین کا مجموعہ مردم بے زاری اور بیمار تنہائی کا رونا رونے والے ادیبوں کے دور میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔ کتاب میں پرویز بلگرامی، محمّد فیصل شہزاد اور سردار اختر چوہدری نے بھی مضامین تحریر کیے ہیں۔