• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی میں گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کرلیا، اس پر درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر گارڈن ویسٹ کے ایک فلیٹ پر چھاپا مارا گیا، جہاں ایک خاتون مبینہ طور پر منشیات تیار کرکے فروخت کررہی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق چھاپے کے دوران ملزمہ کو گرفتار کرکے فلیٹ سے 1540 گرام کوکین اور 6970 گرام مختلف کیمیکل اور خام مال برآمد کیا گیا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ بیکنگ پاؤڈر، ایفیڈرین، کیٹامین اور کوکین ہائیڈرو کلورائیڈ بھی قبضے میں لیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول، 2 میگزین اور 10 راؤنڈ بھی برآمد ہوئے، تاہم وہ اسلحے کا لائسنس پیش نہ کرسکی۔

پولیس نے فلیٹ سے نقد رقم، موبائل فون، بلینک چیک اور دیگر اشیاء بھی تحویل میں لے لیں جبکہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 

ملزمہ انمول عرف پنکی سے برآمد اسلحہ کا مقدمہ بھی درج

گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی سے برآمد اسلحہ کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا،  پولیس نے سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کیا۔

ایف  آئی آر کے مطابق گارڈن ویسٹ میں خاتون کے قبضے سے پستول برآمد کی گئی، ملزمہ سے 9 ایم ایم پستول اور 10 راؤنڈ ملے۔

خیال رہے کہ کراچی میں منشیات بیچنے کے الزام میں گرفتار خاتون کی بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیشی ہوئی، ملزمہ بے خوف انداز میں عدالتی راہداریوں میں گھومتی رہی۔

عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا مسترد کردی، جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔

گرفتار ملزمہ کو پرٹوکول دینے پر ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال،ایس آئی یو انسپکٹر ظفر اقبال  کو بھی معطل کردیا گیا، جبکہ واقعہ کی انکوائری ایس ایس پی ساؤتھ کے سپرد کردی گئی۔

قومی خبریں سے مزید