ادارۂ شماریات نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ادارۂ شماریات کی جانب سے گدھوں، بھینسوں، بکریوں، بھیڑوں، اونٹوں اور دیگر مویشیوں کی تعداد جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گدھوں، بھینسوں، بکریوں، بھیڑوں، اونٹوں اور دیگر مویشیوں کی تعداد میں گزشتہ 1 سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں 1 لاکھ 13 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 60 لاکھ 47 ہزار سے بڑھ کر 61 لاکھ 60 ہزار ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھینسوں کی تعداد میں 14 لاکھ 17 ہزار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد بھینسوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 1 سال میں بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ 92 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 31 لاکھ 19 ہزار سے بڑھ کر 3 کروڑ 35 لاکھ 11 ہزار ہو گئی۔
ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ بکریوں کی تعداد میں 24 لاکھ 22 ہزار کا اضافہ ہوا، جن کی تعداد 8 کروڑ 93 لاکھ 93 ہزار سے بڑھ کر 9 کروڑ 18 لاکھ 15 ہزار ہو گئی۔
دستاویزات کے مطابق ملک میں اونٹوں کی تعداد میں 16 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی تعداد 11 لاکھ 77 ہزار سے بڑھ کر 11 لاکھ 93 ہزار ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں گھوڑوں کی تعداد میں 3 ہزار، خچروں کی تعداد میں 4 ہزار کا اضافہ ہوا، گھوڑوں کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار اور خچروں کی تعداد 2 لاکھ21 ہزار ہو گئی۔
ادارۂ شماریات کے مطابق گزشتہ 1 سال میں ملک بھر میں مویشیوں کی تعداد میں 22 لاکھ 49 ہزار کا اضافہ ہوا، جبکہ مویشیوں کی کل تعداد 5 کروڑ 97 لاکھ 11 ہزار سے بڑھ کر 6 کروڑ 19 لاکھ 60 ہزار ہو گئی۔