بھارتی اداکار بابی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ انکی اہلیہ نے بےروزگاری کے دنوں میں گھر کے اخراجات اٹھائے، اہلیہ نے انہیں کبھی نہیں چھوڑا۔
بالی ووڈ فلم ’اینمل‘ سے اپنے کیریئر کا شاندار کم بیک کرنے والے اداکار بابی دیول ان دنوں اپنی کامیابیوں کے عروج پر ہیں لیکن یہ کامیابی ایک طویل جدوجہد اور ناکامیوں کے دور کے بعد آئی ہے، جس کے دوران وہ شدید ذہنی تناؤ اور شراب نوشی کی عادت کا شکار بھی رہے۔
حال ہی میں معروف بھارتی ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ میں رجت شرما کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بوبی دیول نے اپنی زندگی کے اس تاریک دور اور اپنی اہلیہ تانیہ دیول کے کردار پر کھل کر بات کی۔
بابی دیول نے انکشاف کیا کہ جب ان کے پاس کوئی کام نہیں تھا، تو ان کی اہلیہ تانیہ نے ناصرف جذباتی طور پر انہیں سنبھالا بلکہ گھر کے مالی اخراجات بھی خود اٹھائے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’اگر تانیہ میری زندگی میں نہ ہوتیں تو میں آج اس مقام پر نہ بیٹھا ہوتا۔ وہ کام کرتی تھیں اور گھر کا سارا خرچ چلاتی تھیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میری زندگی میں تبدیلی کا لمحہ تب آیا جب میرے بچوں نے مجھ سے سوال کرنا شروع کیا کہ ’پاپا آپ ہمیشہ گھر پر کیوں بیٹھے رہتے ہیں جبکہ ممی روز آفس جاتی ہیں؟‘ بچوں کی اس بات نے میرے ضمیر کو جھنجھوڑا اور میں نے خود کو بدلنے کا فیصلہ کیا۔
اداکار نے ان افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا کہ ان کے برے وقت میں ان کی اہلیہ انہیں چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، ’یہ کسی مذاق کی طرح لگتا ہے۔ خواتین ذہنی اور جذباتی طور پر بہت مضبوط ہوتی ہیں۔ میری بیوی نے مجھے کبھی نہیں چھوڑا۔‘