جدہ سے کراچی آنے والی نجی ایئر لائن کی حج پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ کراچی سے ایئر لائن ذرائع کے مطابق 250 سے زائد پاکستانی حجاج جدہ ایئر پورٹ پر شدید پریشان ہوئے۔
حجاج کرام کے مطابق انھیں صبح 4 بجے ہوٹل سے نکال کر ایئر پورٹ لایا گیا، اب کوئی پرسان حال نہیں۔ حجاج نے وزیراعظم سے نوٹس لینے اور فوری مدد کی اپیل کی۔
ترجمان ایئرلائن کا کہنا ہے کہ جدہ سے کراچی کی پرواز میں تاخیر آپریشنل وجوہات کی وجہ سے ہوئی، حجاج کرام کو ان کے دستیاب فون نمبرز پر آگاہ کردیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق مکتب جلدی خالی کرنے کی غرض سے منتظمین مسافروں کو ائیرپورٹ لے آئے، متاثرہ پرواز کے حجاج کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے، پرواز سعودی وقت کے مطابق آج 7 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوگی۔