وفاقی وزرائے مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور طلال چوہدری نے کالعدم جے اے سی سی کے رہنما کی مبینہ آڈیو پر ردعمل دے دیا۔
وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ کالعدم جے اے سی سی کے رہنما کی مبینہ آڈیو نے کئی حقائق سے پردہ اٹھادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ تنظیم کے خلاف کارروائیوں کا مضبوط جواز بنے گی۔
عقیل ملک نے مزید کہا کہ آڈیو کی تصدیق اس کے اصل عزائم اور مبینہ سرگرمیوں کو بھی بے نقاب کر دے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے متعدد شواہد پہلے سے موجود ہیں، تاہم یہ مبینہ فون کال کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کی مکمل، جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، جو متعلقہ اداروں کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر فوری طور پر عمل میں لائی جائے گی۔
طلال چوہدری اور بیرسٹر عقیل ملک جس مبینہ آڈیو لیک کا ذکر کیا، وہ ٹیلی فون کال مبینہ طور پر کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما شوکت نواز میر اور خواجہ مہران کے درمیان گفتگو کی آڈیو ہے۔