وفاقی بجٹ 27-2026 میں درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز دے دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2 سے 3 ہزار سی سی تک کی ایس یو ویز پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ 3 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ 2 کروڑ سے مہنگی الیکٹرک گاڑی پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی آٹو پالیسی وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے زیر غور ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل، رکشوں اور بسوں پر موجودہ رعایتی نظام برقرار رہے گا۔ درآمد کیے جانے والے الیکٹرک ٹرکوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس سہولت کی تجویز ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیرون ملک بزنس کلاس میں سفر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے۔